حکومت ہند شامی سفیر سے ثبوت طلب کرے - مسلم مجلس مشاورت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-06

حکومت ہند شامی سفیر سے ثبوت طلب کرے - مسلم مجلس مشاورت

all-india-muslim-majlis-mushawarat
آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت نے شام کے سفیر کے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے کہ ہندوستانی مسلمان شام میں حکومت کے باغیوں کے ساتھ مل کر لڑرہے ہیں۔ شام کے سفیر ریاض کامبل عباس کے حوالے سے آج یہ خبر شائع ہوئی ہے ۔ آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر ڈاکٹر ظفر الاسلام خان نے کہاکہ ہندوستانی مسلمانوں کے تعلق سے ایسی ہی الزام تراشی مارچ میں بھی ایک خاتون شامی وزیر نے کی تھی، تب بھی مشاورت نے انہیں چیلنج کرتے ہوئے اپنے دعوے کے حق میں کوئی ثبوت پیش کرنے کو کہا تھا۔ موجودہ سفیر کے بیان پر انہوں نے کہاکہ شام میں ہندوستان کا سفارتخانہ کام کررہاہے اور شامی سفیر بذات خود دہلی میں موجود ہیں اور دو ملکوں کے درمیان یہی ذرائع کسی بات کو یا شکایت کو پہنچاتے ہیں۔ ڈاکٹر ظفر الاسلام خان نے کہاکہ یوکرین میں بھی وہاں تعینات شامی سفیر نے اسی طرح کا بیان دیا ہے کہ یوکرینی لوگ شام میں باغیوں کے ساتھ لڑرہے ہیں۔یوکرین کی حکومت نے فوری طورپر اس بیان کا نوٹس لے کر اسے مسترد کردیا اور کہاکہ شام اپنے بیان کے حق میں کوئی دلیل ہوتو پیش کرے۔ شامی سفیر یوکرین کی سرکار کوکوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ہند کو بھی اس بیان کا سخت نوٹس لینا چاہئے اور شامی سفیر کو ثبوت طلب کرنا چاہئے۔ انہوں نے وزیرخارجہ سے مطالبہ کیاکہ شامی سفیر کو یہ سبق پڑھائیں کہ غیر ملکی سرزمین پر کس طرح کا برتاؤ کیاجاتاہے ۔ ڈاکٹر ظفر الاسلام خان نے کہاکہ ان کی معلومات کے مطابق ایک ہند نژاد برطانوی شہری اس وقت شام کی حراست میں ہے ۔ دریں اثناء مسلم پولٹیکل کونسل آف انڈیا نے ہندوستان میں تعینات شام کے سفیر ریاض کامبل عباس کے اس بیان پر سخت اعتراض کیاہے جس میں انہوں نے ایک انگریزی روزنامے کو دیئے اپنے انٹرویو میں الزام لگایا ہے کہ ہندوستانی مسلمان شام میں بشارالاسد حکومت کے خلاف جاری جنگ میں شرکت کررہے ہیں اور اسلامی جہاد کا حصہ بن رہے ہیں۔ ریاض کا مبل عباس کے اس بیان پر سخت اعتراض کریت ہوئے مسلم پولیٹکل کونسل آف آنڈیا کے صدر ڈاکٹر تسلیم احمد رحمانی نے اسے سراسر جھوٹ اور ہندوستانی مسلمانوں کو بلاثبوت بدنام کرنے کی سازش قرار دیاہے انہوں نے کہاکہ شامی سفیر کا یہ دعویٰ کہ کچھ ہندوستانی مسلمان اس جنگ میں مارے گئے ہیں اور کچھ زندہ گرفتار کئے گئے ہیں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر ان کے اس بیان میں کچھ سچائی ہے تو بشر حکومت نے مارے گئے ہندوستانی شہریوں کی لاشیں اور گرفتار کئے گئے مسلمانوں کو حکومت ہند کے حوالے کیوں نہیں کیا۔؟ ڈاکٹر تسلیم رحمانی نے کہاکہ ایک ایسے وقت میں جبکہ ہندوستانی مسلمان داخلی طورپر دہشت گردی کے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کا شکار ہیں اور جواب بتدریج ثابت بھی ہوتاجارہاہے شامی سفیر کا یہ گمراہ کن بیان ہندوستانی مسلمانوں کے لئے مزید پریشانی کا سبب بن سکتاہے۔

Indian Muslim Mushawarat rejects the Syrian ambassador's claims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں