کیمیائی ہتھیار تلف کرنے کی قرار داد سلامتی کونسل میں منظور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-29

کیمیائی ہتھیار تلف کرنے کی قرار داد سلامتی کونسل میں منظور

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شام کے کیمیائی ہتھیاروں کے خاتمہ کیلئے قرار داد متفقہ طورپر منظور کرلی ہے۔ سلامتی کونسل کے5مستقل اور10غیر مستقل ارکان نے روس اور امریکہ کی جانب سے تجویز کردہ قرار داد پر جمعہ کی شب کو ووٹنگ کی اور تمام15ارکان نے اسے منظور کرلیا۔ اس قرار داد کی منظوری سے شام کے تنازعہ پر اقوام متحدہ میں ڈھائی سال سے جاری عدم اتفاق کا خاتمہ ہوا ہے۔ اس ووٹ سے قبل عالمی کیمیائی ہتھیاروں کے نگران ادارے نے بھی شامی ہتھیاروں کے ذخیرے کو 2014کے وسط تک تباہ کرنے کی حامی بھرلی تھی۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کیمون نے قرار داد کی منظوری کو تاریخی واقعہ قرار دیا اور کہاکہ آج رات عالمی برادری نے آج فیصلہ سنایاہے۔ انہوں نے شامی حکومت پر زور دیاکہ وہ اس قرار داد پر عملدرآمد کو مخلصانہ طورپر بغیر تاخیر کے ممکن بنائیں۔ امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے کہاکہ اقوام متحدہ نے اس کوثابت کیا ہے کہ سفارتکاری اتنی طاقتور چیز ہے کہ وہ پرامن طریقے سے سب سے تباہ کن ہتھیاروں کوبھی ناکارہ بناسکتی ہے۔ شام کے حامی ملک روس کے وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے بھی قرار داد کی منظوری کاخیر مقدم کیا اور کہاکہ ان کا ملک تمام اقدامات میں حصہ لینے کو تیار ہے۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی کوششوں کی کامیابی یہ ہوگی کہ تمام ذمہ داری شامی حکومت کے کاندھوں پر نہ ڈالی جائے اور شامی حزب اختلاف بھی تعاون کرے۔ قرار داد میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی مذمت کی گئی ہے مگر اس کیلئے کسی کو بھی موردالزام نہیں ٹھہرایاگیاہے اس قرار داد میں دو قانونی طورپر پابند کرنے والے مطالبات شامل ہیں اول یہ کہ شام اپنے کیمیائی ہتھیاروں کے ذخیرے ترک کردے اور دوم یہ کہ کیمیائی ہتھیاروں کے معائنہ کاروں کو بلا رکاوٹ رسائی دی جائے۔

Security Council Adopts Resolution To Destroy Syrian Chemical weapons

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں