حسن روحانی سے فون پر بات چیت - اوباما کا ڈرامائی اقدام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-29

حسن روحانی سے فون پر بات چیت - اوباما کا ڈرامائی اقدام

صدر امریکہ بارک اوباما نے آج ایک ڈرامائی قدم اٹھاتے ہوئے صدر ایران علامہ حسن روحانی سے فون پر بات چیت کی۔30برس سے زائد مدت میں دونوں ممالک کے درمیان یہ اعلیٰ ترین سطح پر پہلا رابطہ تھا۔ اس طرح مغربی ایشیاء میں تبدیلی کے امکانات اور صلح صفائی کی امید پیدا ہوگئی ہے۔ عجلت میں ترتیب دیاگیاٹیلی فون کال، اوباما نے اس وقت کیا جب علامہ روحانی نیویارک مٰں ایک ہفتہ طویل طوفانی مصروفیات کے بعد ذریعہ کار طیران گاہ کی جانب بڑھ رہے تھے ۔ نیویارک میں صدر ایران نے کئی عالمی قائدین سے ملاقات کی اور اہم امریکی ذرائع ابلاغ کو انٹرویوز بھی دیئے۔ حسن روحانی سے بات چیت کے بعد عجلت میں طلب کردہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اوباما نے اخبار نویسیوں کو بتایاکہ"ابھی میں نے فون پر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر روحانی سے بات کی ہے ہم دونوں نے ایران کے نیوکلیر پروگرام پر ایک سمجھوتہ پر پہنچنے کی جاریہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔‘ اوباما نے پریس کانفرنس کے اختتام پر ایک بیان صحافیوں کے حوالہ کیا جس میں کہاگیاکہ "میں نے صدر روحانی سے گفتگو کے دوران اسی بات کا اعادہ کیا جو میں نے نیویارک میں کہی تھی۔ ایسے میں جبکہ پیشرفت میں یقینی طورپر اہم رکاوٹیں ہوں گی اور کامیابی کی ضمانت کسی طرح نہیں دی جاسکے گی میں سمجھتا ہوں کہ ہم ایک جامع تصفیہ پر پہنچ سکتے ہیں۔" یہاں یہ وضاحت بہتر ہوگی کہ اوباما نے وزیراعظم ہند ڈاکٹر منموہن سنگھ سے اپنی ملاقات کے بعد صدر ایران سے بات چیت کی۔ منموہن سنگھ نے ایران اور شام کے تعلق سے اوباما کی سفارتی کوششوں کوسراہا ۔ روحانی کے نام پر ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ میں کہاگیاہے کہ "جہاں تک نیوکلیر مسئلہ کا تعلق ہے سیاسی عزم کے ساتھ معاملہ کو بعجلت حل کرنے کا راستہ موجود ہے۔" ٹوئٹر بیان میں کہاگیاہے کہ حسن روحانی نے اوباما کو بتایاکہ "آنے والے ہفتوں اورمہینوں میں امریکہ اور بڑی طاقتوں کے رویہ بارے میں ہم پرامید ہیں۔" یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگاکہ امریکہ اور ایران کے صدور کے درمیان بات چیت سے ایک ہی دن قبل یعنی کل امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری اور وزیرخارجہ ایران محمد جواد ظریف کے درمیان راست بات چیت ہوئی تھی جس کو کیری نے "تعمیری بات چیت" قرار دیاتھا۔ یہاں سرکاری عہدیداروں نے بتایااور جیسا کہ روحانی کے ٹوئٹراکاؤنٹ سے ظاہر ہے، اوباما کا فون کال نیک تمناؤں پرختم ہوا۔ علامہ روحانی نے انگریزی میں کہاکہ یہ دن خیر خوبی سے گذرے۔ اوباما نے جواب میں "تھینک یو" کہا اور پھر فارسی میں "خداحافظ"کہا۔

Obama, Iran's Rouhani hold historic phone call

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں