Babri case: SC allows CBI`s plea, prepones hearing to October
سپریم کورٹ نے بابری مسجد شہادت مقدمہ کی سماعت کو مقررہ تاریخ سے دو ماہ قبل کردیا ہے۔ یہ مقدمہ ایل کے اڈوانی اور 19دیگر افراد کے خلاف ہے۔ سی بی آئی نے مقدمہ کی قبل از وقت سماعت کی اپیل کی جس کی سینئر بی جے پی لیڈر کی جانب سے مخالفت نہیں کی گئی ۔ جسٹس جی ایس سنگوی کی قیادت والی بنچ نے سی بی آئی کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے اکٹوبر کے پہلے ہفتہ میں کیس کی تاریخ مقرر کی ۔ قبل ازیں اس کی سماعت ڈسمبر میں ہونے والی تھی ۔ یہ مقدمہ سی بی آئی نے الہ آباد ہائی کورٹ کے ایک فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے دائر کیا ہے جس میں ہائی کورٹ نے اڈوانی اور 19دیگر کے خلاف بابری مسجد کی شہادت میں سازش کے الزامات ختم کردینے کا فیصلہ سنایاتھا۔ سینئر ایڈوکیٹ پی پی راﺅ نے سی بی آئی کی جانب سے پیروی کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ قبل ازیں یہ مقدمہ ستمبر میں سماعت کے لئے فہرست میں شامل تھا، لیکن رجسٹری ریکارڈ میں کہا گیا کہ عدالت عظمٰی ڈسمبر میں اس کی سماعت کرے گی ۔ اڈوانی کے وکیل کے کے وینوگوپال نے بھی سماعت کی تاریخ کو قبل از وقت کرنے سے اتفاق کیا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں