نریندر مودی وزارت عظمیٰ کے عہدہ کے لیے امیدوار نامزد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-14

نریندر مودی وزارت عظمیٰ کے عہدہ کے لیے امیدوار نامزد

BJP-declares-Modi-its-PM-candidate
وزیر اعلیٰ گجرات نریندر مودی کو آج بالآخر وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے بطور بی۔جے۔پی امیدوار نامزد کر دیا گیا۔ بی۔جے۔پی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد آج یہاں یہ اعلان کیا گیا۔ 62 سالہ نریندر مودی 2014 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لیے بی۔جے۔پی کی انتخابی مہم کمیٹی کے صدر ہیں۔
یو۔این۔آئی کے بموجب اڈوانی آج بی جے پی پارلیمانی بورڈ کے اہم اجلاس سے غیر حاضر رہے۔ پی ٹی آئی کے بموجب دیگر سینئر پارٹی قائدین نتن گڈکری ، وینکیا نائیڈو ، سشما سوراج ، ارون جیٹلی اور مرلی منوہر جوشی نے آج کے اجلاس میں شرکت کی۔
یہاں یہ تذکرہ بےجا نہ ہوگا کہ حالات کے موجودہ موڑ پر اڈوانی نے نریندر مودی کے نام کے اعلان کے بارے میں اپنے ذہنی تحفظات کا اظہار کیا تھا اور تجویز پیش کی تھی کہ اس مسئلہ پر بی جے پی کے ریاستی وزرائے اعلیٰ سے مشاورت کی جائے اور چار ریاستوں مدھیہ پردیش ، چھتیس گڑھ ، راجستھان اور دہلی میں آنے والے اسمبلی انتخابات کے مکمل ہونے تک بی۔جے۔پی انتظار کرے۔ اڈوانی کا خیال ہے کہ مودی کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار بنانے کے نتیجہ میں مہنگائی اور رشوت ستانی جیسے مسائل پس پشت ہو جائیں گے جبکہ ان مسائل پر بی جے پی نے کانگریس کو ہدف تنقید بنایا ہے۔
یو این آئی کے بموجب اڈوانی نے راج ناتھ سنگھ کو ایک علیحدہ مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی قیادت میں بی جے پی جس سمت سفر کر رہی ہے وہ ٹھیک نہیں ہے۔ اب بی جے پی کے لیے کام کرنا مشکل ہو جائے گا۔

BJP declares Narendra Modi as its PM candidate, Advani sulks

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں