مظفر نگر میں امداد تقسیم کے لیے بیرسٹر اویسی کے داخلے کو روک دیا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-18

مظفر نگر میں امداد تقسیم کے لیے بیرسٹر اویسی کے داخلے کو روک دیا گیا

barrister asaduddin owaisi
بیرسٹر اسدالدین اویسی رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اور صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کو ضلع مظفر نگر میں داخل ہونے سے آج روک دیاگیا۔ فرقہ وارانہ تشدد سے متاثرہ ہزاروں افراد کی امداد کیلئے بیرسٹر اسد الدین اویسی صبح7بجے مقامی مسلمانوں کے وفد کے ہمراہ وہاں پہنچے تھے لیکن مظفر نگر کی پولیس نے انہیں بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے بیرسٹر اویسی اور ان کے رفقاء کو متاثرہ علاقہ کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ صدر مجلس نے بتایاکہ وہ یہاں سیاسی تقریر یا جلسے کرنے کیلئے نہیں بلکہ امداد کے منتظرمتاثرہ افراد کی مدد کرنے کیلئے آئے ہیں۔ مجلس اتحاد المسلمین نے مظفر نگر کے ایک کیمپ میں مقیم 5ہزار افراد کی امداد کیلئے7.50لاکھ روپیہ دینے کا اعلان کیاہے، اس کے علاوہ متاثرہ بے قصور افراد کی قانونی مدد اور دوائیں و دیگر ریلیف انہیں پہنچانا چاہتے ہیں۔ وفد میں جناب قمر عالم ودیگر موجود تھے۔ اس وفد کو سرحد پر ہی روک لیاگیا۔ مقامی پولیس نے پہلے یہ اطلاع دی تھی کہ وہاں حالات ہنوز کشیدہ ہیں اور بیرسٹر اویسی اور ان کے دیگر ساتھیوں کو پولیس پروٹیکشن فراہم کیاجائے گا۔ جیسے ہی یہ وفدامداد کے ساتھ ضلع مظفر نگر کی سرحد پہنچا تووہاں سے انہیں مزید آگے بڑھنے نہیں دیاگیا۔ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے ضلع مجسٹریٹ سے بھی بات کی اور کہا کہ پرامن طریقہ سے پریشان حال افراد کوامداد کی تقسیم کی جائے گی۔ اس کے باوجود انہیں ضلع میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہاکہ وہ ہفتہ کے دن رکن پارلیمنٹ حیدرآباد کو مطلع کریں گے کہ انہیں امداد کی تقسیم کی اجازت دی جائے گی یا نہیں۔ ضلع انتظامیہ اور ریاستی حکومت کے رویہ پر صدر مجلس نے شدید اعتراض کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ایک جانب فرقہ وارانہ تشدد کو روکنے میں ناکام رہی تو دوسری جانب متاثرین تک امداد لے جانے والوں کو بھی جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

Asaduddin stopped from visiting Muzaffarnagar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں