سعودی عرب - 6 لاکھ عازمین حج کی آمد - مزید کا سلسلہ جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-30

سعودی عرب - 6 لاکھ عازمین حج کی آمد - مزید کا سلسلہ جاری

مکہ مکرمہ میں حرم شریف میں توسیع کا کام ہونے کی وجہ سے اس سال عازمین حج کی تعداد میں کافی تخفیف کئے جانے کے باوجود اب تک تقریباً چھ لاکھ ملازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ سعودی عرب نے تعمیراتی کام کی وجہ سے غیر ملکی عازمین حج کی تعداد میں بیس فیصد اور ملکی عازمین کی تعداد میں پچاس فیصد کی کمی کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ اس لئے ہر سال کے مقابلے میں اس سال عازمین حج کی تعداد میں کافی کمی آئی ہے۔ ہر سال عام طورپر 35سے40لاکھ افراد فریضہ حج ادا کرتے ہیں۔ وزارت حج کے مطابق عازمین حج کی خدمت کیلئے40ہزار کارکنان کو ڈیوٹی پر تعینات کیاگیاہے۔ وزارت کے مطابق شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پرروزآنہ عازمین حج کو لے کر ایک سو سے زیادہ طیارے اترتے ہیں۔ گذشتہ جمعہ کو96سے زیادہ طیارے زائرین کو لے کر مدینہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ہوائی اڈے پر اترے تھے۔دوسرے جانب حج کے موقع پر بیت اللہ کی زیارت کا شرف حاصل کرنے کے لئے دنیا کے کونے کونے سے آنے والے اللہ کے مہمانوں کی خدمت سعودی حکومت کیلئے ہمیشہ باعث فخر رہی ہے۔ خانہ کعبہ کے متولیوں اور میزبانوں کی جانب سے روانہ سال ملکی تاریخ کی ایک منفرد مہم شروع کی گئی ہے، جسے خدمت حجاج باعث اعزاز کاخوبصورت عنوان دیاگیاہے۔ اس مہم کا مقصد الحرمین الشریفین کی زیارت کو آنے والے فرزندان توحیدکی ہرممکن خدمت بجالاتے ہوئے انہیں مناسک کی ادائیگی میں سہولت بہم پہنچاناہے۔ اطلاعات کے مطابق امیر مکہ معظمہ شہزادہ خالد الفیصل نے اپنی نوعیت کی اس عدیم النظیر مہم کو کامیاب بنانے کے لئے کارکنوں کی تربیتی ورکشاپ کا افتتاح کیا۔ تربیتی ورکشاپ میں الحرمین الشریفین کے امور کی نگرانی کرنے والے مختلف اداروں کے رضاکاروں کی بڑی تعداد شرکت کررہی ہے۔ ورکشاپ میں رضاکاروں کے لئے علماء اور مبلغین کے لیکچرز کا خصوصی اہتمام کیاگیاہے، جو انہیں حجاج کرام کے ساتھ برتاؤ اور ان کی خدمت کے آداب وقرینے سکھاتے ہیں۔ اس دوران رضاکارکارکنوں کو یہ بتایاجارہا ہے کہ وہ حج جیسی عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق ادائیگی میں حجاج کرام کی کیسے خدمت کرسکتے ہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں