پاکستان کے ساتھ مذاکرات بحال کیے جائیں گے - خارجہ سکریٹری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-02

پاکستان کے ساتھ مذاکرات بحال کیے جائیں گے - خارجہ سکریٹری

Sujata Singh
امن مذاکرات کی بحالی کیلئے پاکستان کی طرف سے تاریخوں کی تجویز کا مثبت جواب دیتے ہوئے ہندوستان نے آج کہا کہ وہ قیام امن کے عمل کو اسی مقام سے دوبارہ شروع کرنے کامنتظر ہے جہاں بات چیت معطل ہوئی تھی۔ نئی خارجہ سکریٹری سجاتا سنگھ نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ تعاون پر مبنی پرامن تعلقات کو فروغ دینا ہندوستان کی ہمیشہ سے پالیسی رہی ہے۔ پاکستان میں اس وقت نئی حکومت قائم ہوئی ہے اور ہم جلد ہی امن مذاکرات اسی مقام سے دوبارہ شروع کریں گے جہاں یہ پچھلی حکومت کے دور میں معطل ہوئے تھے۔ محترمہ سنگھ اپنے نئے عہدہ کی ذمہ دارایاں سنبھالنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کررہی تھیں۔ محترمہ سنگھ نے زور دے کر کہا کہ ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات ملک کی خارجہ پالیسی کی اہم ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کے ساتھ مذاکراتی عمل 2011 میں دوبارہ شروع ہوا تھا اور اس کے بعد سے اس کے 2راونڈ ہوچکے ہیں اور یہ بات چیت وہیں سے دوبارہ شروع ہوگی جہاں یہ تعطل کا شکار ہوئی تھی۔ دونوں ملکوں کے درمیان امن مذاکرات 2008ء کے ممبئی دہشت گردانہ حملہ کے بعد معطل ہوگئے تھے۔ نئی خارجہ سکریٹری نے یہ بھی کہاکہ پڑوسی ملکوں کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں ملک کے اسٹراٹیجک شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنا بھی ضروری ہے۔ مذاکرات کی بحالی کیلئے ہندوستان کی خواہش کااظہار کرتے ہوئے محترمہ سنگھ نے یہ بھی واضح کرنے کی کوشش کی کہ یہ تعلقات تشدد اور دہشت گردی سے پاک ماحول میں ہی فروغ پاسکتے ہیں۔ پاکستان کے سابق وزیر داخلہ کے اس بیان پر کہ کیپٹن سوربھ کالیای کی موت غالباً خراب موسم کی وجہہ سے ہوئی ہے‘ حالانکہ کچھ ویڈیو رپورٹوں سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ انہیں ہلاک کیا گیا تھا‘ اپنے ردعمل کااظہار کرتے ہوئے محترمہ سنگھ نے کہاکہ یہ معاملہ بار بار پاکستان کے سامنے اٹھایا گیا ہے اور سابق وزیر خارجہ جسونت سنگھ نے اپنے پاکستانی ہم منصب سرتاج عزیز سے اس کا ذکر کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ معاملہ جنیوا میں بھی اٹھایا گیا اور ہندوستان مسلسل پاکستانی حکومت کے سامنے معاملہ اٹھاتا رہا ہے۔ محترمہ سنگھ نے کہاکہ ہم اپنے فوجیوں کے ساتھ ہر اس سلوک کی جو جنیوا معاہدوں کے خلاف ہو‘ شدت سے مذمت کرتے ہیں۔ اگر کچھ نئے حقاق روشنی میں آئے ہیں تو ہم اس کا جائزہ لیں گے اور پھر یہ فیصلہ کریں گے کہ اس سلسلے میں آگے کیا قدم اٹھایا جائے۔ بھوٹان کے ساتھ تعلقات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں محترمہ سنگھ نے کہاکہ ہندوستان اور بھوٹان کے تعلقات انوکھی نوعیت کے ہیں اور اس ہمالیائی ملک کو سبسیڈی کے حوالے سے جو حالیہ مسائل پیدا ہوئے تھے وہ تکنیکی غلطی کا نتیجہ تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اب یہ ماضی کی بات ہوچکی ہے اور اعلان کیا کہ ان کا پہلا باہمی دورہ بھوٹان کا ہی ہوگا۔ سنگھ نے کہاکہ بھوٹان کے ساتھ تعلقات ہندوستان کی ترجیحات میں شامل ہیں اور ہم اپنی اس گراں قدر شراکت کو مستحکم کرنے کیلئے بھوٹان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم پہلے ہی بھوٹان کے وزیراعظم کو ہندوستان کے دورہ کی دعوت دے چکے ہیں‘ محترمہ سنگھ نے کہاکہ جب وہ تھیمپو جائیں گی تو اپنے بھوٹانی دوستوں کے ساتھ اس پر تبادلہ خیال کریں گی کہ وزیراعظم ٹوبکے کے جلد دورہ کو کسی طرح یقینی بنایاجائے۔

New Foreign Secretary hints at resuming talks with Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں