عیدالفطر سے قبل حساس علاقوں میں سخت سیکوریٹی - مرکز کی ریاستوں کو ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-02

عیدالفطر سے قبل حساس علاقوں میں سخت سیکوریٹی - مرکز کی ریاستوں کو ہدایت

Tighten Security before Eid
مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ عید الفطر سے قبل حساس علاقوں میں سکیورٹی سخت کردیں کیونکہ فرقہ پرست عناصر عید سے قبل فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ وزیر داخلہ مسٹر سشیل کمار شنڈے نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے تمام ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ چوکس رہیں۔ تمام احتیاط برتیں۔ فرقہ پرست طاقتوں کی جانب سے حالات کو بگاڑنے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔ ان سے نامہ نگاروں نے سوال کیا تھا کہ آیا وزارت داخلہ نے تہوار سے قبل ریاستوں کو کوئی ہدایت جاری کی ہے یا نہیں۔ اس سوال پر کہ آیا انہوں نے دہشت گردی کے الزام میں جیلوں میں محروس مسلم نوجوانوں کی رہائی کے اقدامات کئے ہیں یا نہیں۔ مسٹر سشیل کمار نے کہاکہ انہوں نے اس طرح کے نوجوانوں کے تعلق سے معلومات اکٹھی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ ہم اطلاعات جمع کررہے ہیں۔ ان میں کتنے عدالتی تحویل میں ہیں‘ کتنے پولیس کی تحویل میں ہیں اور وہ کہاں ہیں یہ سب معلوم کیا جارہا ہے اور ان اطلاعات پر کام کیا جارہا ہے۔ اس سوال پر کہ آیا انہوں نے اطلاع ملی ہے کہ گجرات پولیس کی جانب سے 2004ء میں انکاونٹر کے نام پر ہلاک کی جانے والی عشرت جہاں دہشت گرد تھی؟ مسٹر شنڈے نے کہاکہ انہوں نے عشرت کے تعلق سے مزید معلومات طلب کی ہیں کیونکہ وہ ان دستاویزات سے مطمئن نہیں ہیں جو اب تک انہیں موصول ہوئے ہیں۔ عشرت جہاں کے فرضی انکاونٹر کی تحقیقات کرنے والی سی بی آئی اور انٹلی جنس بیورو کے مابین اختلافات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ دونوں ہی ادارے اپنا اپنا کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان میں کسی طرح کے اختلافات نہیں ہیں۔ یہ دونوں خوشگوار انداز میں کام کررہے ہیں اور کوئی بھی مایوس نہیں ہے۔ انٹلی جنس بیورو کے ایک عہدیدار پر الزام ہے کہ وہ عشرت کے فرضی انکاونٹر میں ملوث رہا ہے۔ مسٹر شنڈے نے کہاکہ حکومت نے بودھ گیا کو سی آئی ایس ایف کی سکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیاہے جو ایک تہذیبی ورثہ اور مذہبی مقام ہے۔ حال ہی میں یہاں بم دھماکے ہوئے تھے۔ تاج محل کے بعد سی آئی ایس ایف کی سکیورٹی حاصل کرنے والا بودھ گیا کا مندر دوسرا مقام ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ مرکز کو امید ہے کہ آئندہ 2'3 سال میں ریاست بہار میں کوئی نئی فورس تشکیل پائے گی اور بودھ گیا کی سکیورٹی کی ذمہ داری اس کے سپرد کرتے ہوئے مرکز کو بری کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی مرکزی حکومت کی جانب سے اس ضمن میں کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ دہشت گرد دیویندر پال سنگھ کی سزائے موت عمل آوری میں تاخیر سے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ اس کا معاملہ عدالت میں زیر دوران ہے اسی وجہہ سے اس کی سزا پر عمل آوری نہیں کی جاسکتی۔

Tighten security ahead of Eid: Centre to states

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں