دفتر خارجہ پاکستان میں ڈپٹی ہائی کمشنر ہند کی طلبی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-13

دفتر خارجہ پاکستان میں ڈپٹی ہائی کمشنر ہند کی طلبی

اسلام آباد۔(پی ٹی آئی) پاکستان نے آج سہ پہر یہاں دفتر خارجہ پر ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر گوپال بگلے کو طلب کیا تاکہ خطب قبضہ پر بارڈر سکیورٹی فورس کی جانب سے "لڑائی بندی کی خلاف ورزیوں " پر احتجاج کیا جائے۔ پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان خلاف ورزیوں کے نتیجہ میں مقبوضہ کشمیر کے راولکوٹ علاقہ میں ایک شہری کی موت واقع ہوگئی۔ پاکستان نے ہندوستان سے یہ خواہش کی ہے کہ وہ لڑائی بندی معاہدہ (2003) کی پابندی کرے اور اپنے آپ کو "دونوں ممالک کے درمیان ، تعمیری، جامع اور نتیجہ خیز مذاکرات کے عمل کا پابند رکھے"۔ دفتر خارجہ پاکستان سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آج گوپال بگلے کو طلب کیا گیا اور گذشتہ 2روز سے خط قبضہ کے پار سے "ہندوستانی بارڈر سکیورٹی فورس کی جانب سے لڑائی بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیاگیا"۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ فوجی میکانزمس کو مستحکم کرنے اور ان پر قائم رہنے کی ضرورت ہے تاکہ لڑائی بندی کی خلاف ورزیاں نہ ہونے پائیں۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ "پاکستان، ہندوستان کے ساتھ تعمیری، جامع اور بانتیجہ مذاکرات کے عمل کا پابند ہے"۔ پاکستان کو یقین ہے کہ "مثبت فضا کی برقراری کو یقینی بنانے اور منفی پروپگنڈہ سے گریز کیلئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے"۔ اسی دوران اخبار ایکسپریس ٹریبون نے وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار کے حوالہ سے (جن کا نام نہیں بتایا گیا) کہا ہے کہ پاکستان، نئی دہلی میں اپنے سفارتی عملہ کی سطح؍ تعداد میں کمی کرنے پر غور کررہا ہے اور افغانستان سے متصلہ اپنی سرحد سے سپاہیوں کو مشرقی محاذ کی جانب منتقل کررہا ہے۔ ہندوستان کے ساتھ کشیدگیوں کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں