جموں میں فرقہ وارانہ صورتحال کشیدہ - فوج کا فلیگ مارچ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-12

جموں میں فرقہ وارانہ صورتحال کشیدہ - فوج کا فلیگ مارچ

Kishtwar violence tense situation JK
جموں و کشمیر کے مزید 5اضلاع میں آج کرفیو نافذ کردیا گیا اور فوج نے فلیگ مارچ کیا۔ جب کہ انتظامیہ نے تشدد سے متاثرہ کشٹوار میں سیاست دانوں کی رسائی روک دی اور بی جے پی لیڈر ارون جیٹلی کو اےئرپورٹ پر حراست میں لیتے ہوئے دہلی واپس روانہ کردیا گیا۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداﷲ صورتحال کا جائزہ لینے سرمائی دارالحکومت جموں پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے امن میں رخنہ پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی۔ اس دوران تشدد کے مقام کٹشوار میں آج ایک اور نعش برآمدہوئی جب کہ یہاں تین دن سے کرفیو جاری ہے۔ حکام کو ہنوز یہ پتہ نہیں چل سکا کہ اس شخص کی تشدد کی وجہہ سے موت ہوئی یا نہیں۔ چیف منسٹر نے بتایاکہ ابھی یہ معلوم کیا جارہا ہے کہ اس شخص کی جھڑپوں میں موت ہوئی یا موت کی کچھ اور دوسری وجوہات ہے۔ جمعہ کے دن جھڑپوں کے بعد کشٹوار میں کرفیو نافذ کردیا گیا تھا جبکہ ان جھڑپوں میں دو افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے تھے۔ کل رات جموں اور راجوری اضلاع میں بھی کرفیو نافذ کردیا گیا اور فوج کو طلب کرلیا گیا۔ آج ادھم پور ، سامبھا، کٹھوا اور بدھروا ٹاون میں کرفیو نافذ کردیاگیا ہے۔ اس طرح جموں کے 10 کے منجملہ 8 اضلاع فسادات سے متاثر ہیں۔ راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن ارون جیٹلی آج یہاں جموں پہنچے تاکہ کشٹوار جاسکے لیکن اےئرپورٹ پر ہی انہیں حراست میں لے لیا گیا جس پر بی جے پی شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر جمہوری قرار دیا۔ عہدیداروں نے بتایاکہ بعدازاں انہیں دہلی بھیج دیا گیا۔ پی ڈی پی لیڈر محبوبہ مفتی کو بھی تشدد سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی اور انہیں سرینگر میں واقع مکان پر ہی روک دیا گیا۔ جموں کے بعض علاقوں میں آج بھی سنگباری اور پولیس کے ساتھ چند جھڑپوں کے واقعات پیش آئے۔ ڈویژنل کمشنر( جموں) شانت مانو نے کہاکہ مقامی انتظامیہ کی مدد کیلئے کئی علاقوں میں فوج تعینات کی گئی ہے۔ چیف منسٹر عمر عبداﷲ نے کہاکہ سیاسی جماعتیں عوام کے جذبات کا استحصال کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ اسی لئے سیاسی قائدین کو یہاں آنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارون جیٹلی بھی ایسے ہی قائدین میں شامل ہیں۔ ہر کسی کو پتہ ہے کہ ان کے دورہ کا مقصد کیا ہے کیونکہ اس سے صورتحال مزید ابتر ہوسکتی ہے۔ تاہم انہوں نے کہاکہ جو سیاستداں صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد کے ارادے سے یہاں آئے ہیں ان کا خیرمقدم کیاجائے گا۔ وادی کشمیر میں بھی آج متواتر دوسرے دن سخت گیر موقف کے حامل حریت کانفرنس کے بند کی وجہہ سے عام زندگی متاثر رہی۔

Kishtwar violence: Curfew imposed in Udhampur; situation tense in Jammu and Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں