تبصرہ رسالہ - ماہنامہ بچوں کی دنیا - نئی دہلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-18

تبصرہ رسالہ - ماہنامہ بچوں کی دنیا - نئی دہلی

bachon-ke-duniya magazine
مدیر: ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین ڈائرکٹرقومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی
مبصر: محمد عبدالعزیز سہیلؔ پی ایچ ڈی ،ریسرچ اسکالر(عثمانیہ یونیورسٹی)حیدرآباد

بچے کسی بھی قوم کا عظیم سرمایہ ہوتے ہیں۔ایک بچہ اپنے والدین کے لئے دل کا سرور آنکھ کی ٹھندک ہوتا ہے۔ خاندان کو آگے بڑھانے اور والدین کا نام روشن کرنے کا سبب ہوتا ہے۔ اس کی اچھی پرورش اور تعلیم و تربیت اسے مستقبل کا ذمہ دار شہری اور قوم و ملک کا معمار بناتی ہے۔ اس لئے بچوں کی مناسب تربیت ہر زمانے میں اہم ضرورت سمجھی گئی اور اس جانب توجہ دی گئی۔ بچوں کی تربیت میں گھر ‘والدین ‘اساتذہ اور سماج اہم رول ادا کرتے ہیں۔ اور تربیت اولاد کے ذرائع کے طور پر ادب کو بھی اہم آلے کے طور پر استعمال کیا گیا اور بچوں کے لئے ہمارے شعرا اور ادیبوں نے صالح ادب کی تشکیل کی ہے۔دور حاضر میں بچوں کے ادب پر بہت کم توجہہ دی جارہی ہے حالانکہ ماضی میں بچوں کے ادب پر خصوصی توجہہ دی جاتی تھی کیونکہ بچوں کے ادب کا مقصد بچوں کی ذہنی تربیت اصلاح اور کردارسازی ہوتا ہے۔
ادب حسن خیال‘ مواد کی ترتیب اور الفاظ کے مخصوص استعمال کا حسین اظہار ہے بچوں کی ذہنیت اوردلچسپی کو ملحوظ رکھ کرجو ادب تخلیق کیا جاتا ہے وہ بچوں کا ادب کہلاتا ہے۔بچوں کے ادب میں نظمیں، گیت، اخلاقی کہانیاں،تاریخی کہانیاں، مذہبی کہانیاں‘پریوں کی کہانیاں ‘اخلاقی مضامین ،سیرت، ، ڈرامے ،، مزاحیہ مضامین اور لوریاں وغیرہ شامل ہیں غرض ہرتخلیق جو بچوں سے متعلق تخلیق کی جائے تو وہ بچوں کاادب کہلاتا ہے ۔
نظیر اکبرآبادی کواردو ادب کا اولین عوامی شاعر کہا جاتاہے جنہوں نے بچوں کے ادب پر بہت ساری اہم نظمیں لکھیں جن میں قابل ذکر ریچھ کا بچہ، ہرنی کا بچہ ،گلہری کا بچہ، ایام طفلی،تل کے لڈووغیرہ ہیں۔
مرزا غالبؔ ،ڈپٹی نظیراحمدؔ ،مولانامحمد حسین آزادؔ ، مولاناالطاف حسین حالیؔ ،پیارے لعل آشوب،علامہ اقبالؔ نے بچوں کے لیے نظموں اور نثری تخلیقات سے بچوں کے ادب کو مالا مال کیا۔ اس کے بعد کے دور میں منشی پریم چند، خواجہ حسن نظامی ،اسمعیل میرٹھی،عظیم بیگ چغتائی،ڈاکٹر ذاکر حسین نے بچوں کیلئے نظمیں اور کہانیاں لکھیں جن کی مدد سے اردو میں بچوں کے ادب سے متعلق ایک عظیم سرمایہ جمع ہوا۔
ہندوستا ن میں بچوں سے متعلق کئی اہم رسائل شائع ہوتے رہے ہیں جن میں قابل ذکر ماہنامہ امنگ،ماہنامہ پیام تعلیم،ماہنامہ ہلال، ماہنامہ بتول ،ماہنامہ اچھا ساتھی وغیرہ شامل ہیں۔قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی جو کہ حکومت ہند کا ادارہ ہے اور جس کا مقصد اردو زبان و ادب کو فروغ دینا ہے نے حالیہ دنوں اپنے معروف رسالہ اردو دنیا کا خصوصی شمارہ بچوں کے ادب سے متعلق شائع کیا ہے جس سے بچوں کے ادب سے متعلق کافی اہم معلومات سامنے آئی ہیں یہ خصوصی شمارہ بچوں کے ادب سے متعلق ایک اہم دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے۔ قومی کونسل نے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے ماہنامہ اردو دنیا کی طرز پر ’’ماہنامہ بچوں کی دنیا‘‘ ادبی رسالہ بچوں کیلئے اگسٹ ۲۰۱۳ء سے جاری کیا ہے۔ یکم اگسٹ کو ایک تقریب میں وزیر مملکت ہند جتند پرسادنے اس شمارے کا رسم اجراء انجام دیا۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ’’ میں ماہنامہ بچوں کی دنیا کی اجرائی پر قومی کونسل کے ڈائرکٹر خواجہ محمد اکرام اور انکی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتاہوں کے جنہوں نے صحیح وقت میں صحیح فیصلہ لیا اور بچوں کیلئے قومی سطح کا میعاری اور دلفریب رسالہ شائع کیا ہے۔ تاکہ بچوں کی ذہنی و علمی نشونما ہو اور نئی نسل اردو ادب کے عظیم ذخیرے اور نئی معلومات سے مستفید ہوں۔
ماہنامہ بچوں کی دنیا نئی دہلی کے ا س شمارے میں اداریہ’’ آپ کی باتیں ‘‘کے عنوان سے ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین ڈائرکٹر قومی کونسل نئی دہلی نے رقم کیا ہے انہوں نے اپنے اس اداریہ میں بچپن سے متعلق اہم باتوں کو بیان کرتے ہوئے لکھا کہ’’آپ خوش قسمت ہیں کہ بچپن کے اس دورسے گزرے ہیں جسے انسانی زندگی کا سب سے سنہرا دور golden period کہا جاتا ہے اور جس کو انسان زندگی بھر ترستا ہے۔ ماہنامہ بچوں کی دنیا آپ کے بچپن کو اور بھی حسین بنانے کی ایک چھوٹی سی کوشش ہے جو امید ہے آپ کو ضرور پسند آئے گی۔ہم آپ کو آپ کا ہی بچپن پیش کررہے ہیں‘‘(ماہنامہ بچوں کی دنیا)
مگر مجھ کو لوٹادو بچپن کا ساون ۔۔۔وہ کاغذکی کشتی ۔۔وہ بارش کا پانی۔۔۔۔
ماہنامہ بچوں کی دنیا نئی دہلی کے اس شمارے کے مشمولات میں نظمیں،دنیا کے مذاہب،فوٹو فیچر،کہانیاں،کامکس،منظوم کہانیاں،قسط وار ناول،سائنس، کھیل اور کھلاڑی اور ذہنی آزمائش جیسے موضوعات پر تخلیقات شامل ہیں ۔
دنیا کے مذاہب کالم کے تحت بدھ مذہب پر نصرت ظہیر صاحب کا مضمون شامل ہیں جس میں انہوں نے بدھ مذہب کی تاریخ، بدھ مذہب کو ماننے والوں کی تفصیلات، بدھ دھرم مذہب یا فلسفہ پر کافی اہم معلومات فراہم کی ہیں۔ چاکلیٹ کی کہانی کے عنوان کے تحت راشد جمال فاروقی صاحب کا مضمون بھی چاکلیٹ سے متعلق بہت اچھا ہے اردو میں فیس بک کے تحت بچوں کا تعارف اور انکی باتیں پیش کی گئی ہیں۔
بچوں کی دنیا کے اس شمارے میں زیادہ تر کہانیاں جنگل اور جنگلی جانوروں سے متعلق ہیں بچوں کو فطری طور پر جانور اور جنگل پسند ہوتے ہیں ۔ لیکن آج کے بچے ٹیلی ویژن اور انٹرنیٹ سے متاثر ہیں اور اپنے اخلاق کو بگاڑ رہے ہیں۔ چنانچہ ضرورت اس بات کی ہیکہ اخلاق و کردار کی گراوٹ کے اس دور میں اخلاقیات سے متعلق کہانیوں کو زیادہ سے زیادہ بچوں کی دنیا میں شامل کیا جائے تاکہ بچوں کے اخلاق و کردار میں بہتری آئے اور آج کے بچے کل ہمارے سماج کے ذمہ دار شہری کہلائیں۔
اس رسالہ کے مشمولات اچھے ہیں لیکن اس میں مزید میعاری مشمولا ت کو شامل کیا جائے جن میں اردو زبان کے آغاز و ارتقاء سے متعلق مضامین،معروف ادباء اور شعراء کی سوانح حیات، سائنسی ایجادات، مسلم سائنس دان، شعری مقابلہ،تحریری مقابلہ، وغیرہ جس سے بچے اس رسالہ کی طرف راغب ہونگے اور ساتھ ہی اس رسالہ کو مقبولیت حاصل ہوگی۔
مجموعی طور پر یہ رسالہ کافی معلوماتی اور بہترین ہے اور اس کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔اس رسالہ کا پیپر اور گرافکس دور حاضر کے تقاضوں سے موافقت رکھتاہے رسالہ کا سائز ہ درمیانی ہیں۔جو بچوں کے لیے مناسب ہیں 64 صفحات پر مشتمل ا س رسالہ کی قیمت ماہانہ 10روپیئے اور سالانہ100روپیئے رکھی گئی ہیں جس کو قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان،ویسٹ بلاگ8،ونگ 7آر کے پورم نئی دہلی 110066فون نمبر011-49539011 سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔

امید کے اس رسالہ کو اردو قارئین اپنے نو نہالوں کی ذہنی و علمی تربیت کیلئے پسند کرتے ہوئے اس رسالہ کے خریدار بنیں گے اور بچوں کے اس خوبصورت رسالہ کو اپنے گھروں کی زینت بنائیں گے۔

***
محمد عبدالعزیز سہیل۔ Ph.D ریسرچ اسکالر(عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد)
مکان نمبر:4-2-75 ، مجید منزللطیف بازار، نظام آباد 503001 (اے پی )۔
maazeezsohel[@]gmail.com
موبائل : 9299655396
ایم اے عزیز سہیل

A Review on "magazine - Bachchon ki Duniya". Reviewer: M.A.A.Sohail

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں