آندھرا پردیش کی تقسیم کے خلاف صدر کانگریس کو وزیر اعلیٰ کا مکتوب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-07

آندھرا پردیش کی تقسیم کے خلاف صدر کانگریس کو وزیر اعلیٰ کا مکتوب

چیف منسٹر این کرن کمارریڈی نے علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو روکنے کی آخری کوشش کرتے ہوئے صدر کانگریس سونیاگاندھی کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے۔ تشکیل تلنگانہ کے فیصلہ بعد گذشتہ 7 دنوں سے علاقہ سیما آندھرا میں جاری مسلسل احتجاج کے علاوہ سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں، بازار اور ٹرانسپورٹ کی سرگرمیاں ٹھپ ہوگئی ہیں جس کے پیش نظر چیف منسٹر نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کو تفصیلی مکتوب لکھنے کا فیصلہ کیا جس میں انہوں نے تلنگانہ کے فیصلہ پر دوبارہ غور کرنے کی التجا کی ہے۔ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے چیف منسٹر سکریٹریٹ میں آنے سے بھی گریز کررہے ہیں اور خود کو کیمپ آفس تک ہی محدود رکھا ہے۔ چیف منسٹر نے اسپیشل کورئیر کے ذریعہ دہلی کو اپنا مکتوب روانہ کیا جو شخصی طورپر پارلیمنٹ ہاوز آفس میں صدر کانگریس سونیاگاندھی کے حوالہ کردیاجائے گا۔ ذرائع نے مکتوب کے حوالہ سے بتایا کہ چیف منسٹر نہیں چاہتے کہ انہیں ریاست کی تقسیم کیلئے مورد الزام ٹھہرایا جائے۔ ریاست کو متحد رکھنے کی درخواست کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ وزیر دفاع اے کے انٹونی کی زیر قیادت کمیٹی کی جانب سے سیما آندھرا علاقوں کے عوام کی تشویش اور شکایت کی یکسوئی سے قبل تلنگانہ ریاست کی تشکیل کا عمل شروع نہ کیا جائے۔ ایک شخصی نوٹ میں کرن کمار ریڈی نے چیف منسٹر بنانے پر سونیا گاندھی سے اظہار تشکرکیا، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ تاریخی بڑی غلطی کیلئے انہیں فریق نہ بنایا جائے۔ تلنگانہ پرقطعی فیصلہ کیلئے کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس سے قبل چیف منسٹر نے مستعفی ہونے کا ارادہ ظاہر کیا تھا لیکن کانگریس ہائی کمان نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا تھا۔ اسی دوران سیما آندھرا میں تلنگانہ کی تقسیم کے خلاف احتجاج آج ساتویں دن میں داخل ہوگیا۔ سیما آندھرا کے تمام 13اضلاع میں احتجاج کے باعث عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے۔

Kiran Kumar Reddy skips office, tells Sonia 'don't divide Andhra Pradesh'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں