مشرف کے خلاف چارج شیٹ - عدالت میں پیش کرنے کا حکم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-07

مشرف کے خلاف چارج شیٹ - عدالت میں پیش کرنے کا حکم

پاکستان کی ایک عدالت نے سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے خلاف چارج شیٹ طے کرنے کیلئے ہونے والی سماعت سکیورٹی وجوہات کی بناء پر آج ملتوی کردی۔ مسٹر مشرف کو آج راولپنڈی کی ایک عدالت میں پیش کیا جانا تھا جہاں ان پر بے نظیر بھٹو کے قتل کی فرد جرم عائد کی جانی تھی۔ تاہم پولیس اور ان کے وکیل نے جج کو بتایاکہ ان کی جان کو درپیش خطرات کے باعث انہیں عدالت میں لانا محفوظ نہیں تھا۔ اس پر جج چودھری حبیب الرحمن نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے سابق فوجی سربراہ کو آئندہ 20 اگست کو اگلی سماعت پر عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے پرویز مشرف کے پیش نہ ہونے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے ان کی پیشی کے احکام جاری کردئیے ہیں۔ روالپنڈی کے انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق فوجی صدر سمیت 8ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 6اگست کی تاریخ مقرر کر رکھی تھی۔ پرویز مشرف بے نظر بھٹو کے قتل کے مقدمے میں ان دنوں ضمانت پر ہیں۔ روالپنڈی کے انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج چودھری حبیب الرحمن نے اس مقدمے کی سماعت شروع کی تو پولیس نے عدالت کو بتایاکہ ملزم پرویز مشرف کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ اور وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے ہائی الرٹ کی روشنی میں پرویز مشرف کو عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکتا۔ پولیس افسر کا کہنا تھا کہ خفیہ اداروں کی رپورٹ کے مطابق شدت پسندوں نے منصوبہ بندی کررکھی ہے کہ سابق فوجی صدر کو بے نظیر بھٹو کے قتل کے مقدمے میں پیشی کے موقع پر فارم ہاوس سے راولپنڈی کی عدالت جاتے ہوئے انہیں یا تو اغوا کیاجائے گا یا پھر انہیں ٹارگٹ کیا جائے گا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں