یمن سے امریکی و برطانوی سفارتی عملہ کا تخلیہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-07

یمن سے امریکی و برطانوی سفارتی عملہ کا تخلیہ

امریکہ نے یمن سے آج اپنے تقریباً 90 شہریوں کو تخلیہ کردیا جبکہ برطانیہ نے اس ملک سے اپنے سارے سفارتی عملہ کو واپس طلب کرلیا ہے کیونکہ القاعدہ لیڈر ایمن الظواہری کے ایک پیام کو الیکٹرانک جاسوس شعبہ نے روک لیا تھا جس سے انکشاف ہوا ہے کہ انہوں نے 9/11 کے بعد پہلا بڑا دہشت گرد حملہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس پیغام کے افشاء کے بعد دنیا بھر میں چوکسی اختیار کرلی گئی ہے۔ امریکی دفتر خارجہ نے کہاہے کہ یمن سے تمام اضافی سفارتی عملہ کو واپس طلب کرلیا گیا ہے اور وزارت دفاع نے کہاہے کہ ان امریکیوں کو واپس لانے کیلئے امریکی ایرپورٹس کا خصوصی طیارہ یمن روانہ کیاگیا ہے۔ امریکہ کے دو فوجی طیارے 90 شہریوں کو یمن سے براہ جرمنی واپس لارہے ہیں۔ امریکہ نے مختلف ملکوں میں اپنے سفارت خانے بند کرنے کا فیصلہ دہشت گرد گروہ القاعدہ کے سربراہ کا ایک خفیہ پیغام ہاتھ آنے کے بعد کیا۔ یہ بات نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔ امریکی اخبار نے پیر کو ایک رپورٹ میں بتایاکہ القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کا یمن میں اس دہشت گردہ گروہ کے سربراہ ناصر الوحیشی کے نام ایک خفیہ پیغام سکیورٹی حکام کے ہاتھ لگا۔ اس میں ایمن الظواہری نے گذشتہ اتوار کو یمن میں حملے کرنے کا حکم دیا تھا۔ خبر رساں ادارہ رائٹرز کے مطابق اس اخبار نے یہ بات امریکی حکام کے حوالے سے بتائی ہے۔ خبر رساں ادارہ اے پی کے مطابق ایک امریکی انٹیلجنس عہدہدار اور مشرق وسطی میں تعینات ایک امریکی سفیر کے مطابق الظواہری کا یہ پیغام کئی ہفتے قبل پکڑا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیغام ناصر الوحیشی کو بھیجا گیا تھا۔ ان دونوں عہدیداروں نے یہ معلومات اپنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر دیں۔ حکام نے یہ نہیں بتایاکہ الظواہری کا یغام کس ادارے نے پکڑا۔ تاہم ایک انٹیلجنس عہدیدار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی یقین دہانی پر بتایاکہ یہ پیغام پکڑے جانے میں امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے متنازعہ پروگرام زم کا کوئی کردار نہیں۔ امریکی سنٹروں کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گردی کا بہت بڑا منصوبہ تھا جو حتمی مرحلے میں تھا۔ انہوں نے اس حوالے سے کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔ اس کے برعکس انٹیلجنس حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا نشانہ کوئی ایک سفارت خانہ ، متعدد مقامات یا دیگر مغربی اہداف ہوسکتے تھے۔

US and UK pull staff out of Yemen amid terror alert

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں