اترپردیش کی فلاحی اسکیمات میں اقلیتوں کو 20 فیصد تحفظات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-21

اترپردیش کی فلاحی اسکیمات میں اقلیتوں کو 20 فیصد تحفظات

لوک سبھا انتخابات سے قبل ریاست میں بڑھتے فرقہ وارانہ تفاوت کے پیش نظر حکومت اترپردیش نے آج فیصلہ کیا کہ ریاست کے 30 محکموں کے تحت 85 ترقیاتی و فلاحی اسکیمات میں مسلمانوں کیلئے 20فیصد فوائد مختص کردئیے جائیں۔ چیف منسٹر اکھلیش یادو کی زیر صدارت ریاستی کابینہ کے ایک اجلاس میں آج اس فیصلہ کو منظوری دی گئی۔ حیرت انگیز طورپر ریاستی وزیر اقلیتی امور محمد اعظم خان کے محکمہ سے متعلق کابینہ کے اس اہم اجلاس سے غیر حاضر رہے۔ انہوں نے کل وشوا ہندو پریشد قائدین سے ملاقات کرنے پر پاری قیادت کو نشانہ تنقید بنایا تھا۔ بعدازاں میڈیاکے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہاکہ سماج وادی پارٹی نے گذشتہ اسمبلی انتحابات کے دوران رائے دہندوں سے اس کا وعدہ کیا تھا اور اب اس کی تکمیل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے تو صرف سچر کمیٹی کی سفارشات کو روبہ عمل لایا ہے اور اس سے 20 فیصد مسلمانوں کو فائدہ پہنچے گا جنہیں ماضی میں نظر انداز کردیا گیا تھا۔ حکومت نے چیف سکریٹری کی زیر صدارت ریاستی سطح کی کمیٹیوں اور ضلع مجسٹریٹ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ سطح کی کمیٹوں میں دو اقلیتی نمائندوں کے لازمی تقرر کا بھی حکم دیا ہے۔ یہ کمیٹیاں سرکاری احکام پر عمل آوری کا جائزہ لیں گی۔ حکومت نے تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے کہاکہ 2001 کی مردم شماری کے مطابق اترپردیش میں 19.33 فیصد اقلیتی عوام ہیں جن کے منجملہ 25فیصد غریب ہیں۔ اترپردیش بی جے پی نے حکومت کے احکام پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے مسلم ووٹوں کو اپنے حق میں کرنے یہ ایک خوشامدانہ اقدام ہے۔ بی جے پی ترجمان وجئے بہادر پاٹھک نے یہاں کہا کہ ایسے تحفظات غیر جمہوری اور غیر دستوری ہیں۔ ان کی وجہہ سے سماج میں اختلافات میں اضافہ ہوگا اور اکثریتی طبقہ یہ محسوس کرے گا کہ حکومت نے اسے دھوکہ دیا ہے۔

UP govt allocates 20% budget of welfare schemes for minorities

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں