اقلیتوں کے مسائل کے آسان حل کے لیے ہیلپ لائن خدمت کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-09

اقلیتوں کے مسائل کے آسان حل کے لیے ہیلپ لائن خدمت کا آغاز

K Rahman Khan
مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کے رحمان خان نے اقلیتوں کی تیز رفتار بہبود اور ان کے مسائل کے آسان حل کے لیے آج یہاں ہیلپ لائن "خدمت" کا آغاز کیا۔ ہیلپ لائن سروس "خدمت [Khidmat]" کا افتتاح کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ اقلیت رخی پروگراموں اور اسکیموں کی تشہیر اور ان کی تفصیلات سے اقلیتوں کو واقف کرانے کے لیے اس ہیلپ لائن کا شروع کیا جانا ناگزیر ہو گیا تھا۔ اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات اب اس ہیلپ لائن کے ذریعے اسکالرشپ پروگرام اور اسٹوڈنٹس ڈیولپمنٹ پروگرام سمیت اقلیتی بہبود کی وزارت سے متعلق تمام اسکیموں سے بےروک ٹوک استفادہ کر سکیں گے۔
ہیلپ لائن "خدمت" کے ذریعے اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگ فون کر کے اب نہ صرف اقلیتوں کے لیے مرکزی حکومت کی مختلف اسکیموں تفصیلات معلوم کر سکیں گے بلکہ وہ اس کے ذریعے اسکیموں کی عمل درآمد میں خامیوں اور کوتاہیوں کی شکایات کے ساتھ ساتھ عمل درآمد کو آسان بنانے کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کر سکتے ہیں۔
رحمان خان نے بتایا کہ ہیلپ لائن سروس فی الحال صرف تین زبانوں اردو ، انگریزی اور ہندی میں شروع کی گئی ہے اور کام کے دنوں میں صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک یہ سروس کام کرے گی۔ اس کی ضرورت اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد اس کے کام کرنے کے دنوں اور اوقات میں توسیع کر کے ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے مسلسل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اسے فی الحال 1800-11-2001 نمبر سے شروع کیا گیا ہے لیکن آئیندہ حسب ضرورت ہیلپ لائن کے ٹیلی فون نمبرات کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا اور ملک کی مختلف زبانوں میں بھی اس کی توسیع کی جا سکتی ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت کی مختلف اقلیتی اسکیموں سے اقلیتی طلبا کو فائدہ پہنچانے کے لیے ملک بھر میں ضلع اور بلاک کی سطح پر جلد ہی نگراں کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جس میں مقامی لوگوں کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ وزارت کو زمینی حقائق کا علم ہو سکے۔

K Rahman Khan Launches Helpline "Khidmat"

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں