یو ٹیوب پر امتناع برخاست نہیں کیا جا سکتا - پاکستان حکومت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-03

یو ٹیوب پر امتناع برخاست نہیں کیا جا سکتا - پاکستان حکومت

پاکستان کے سرکاری عہدیداروں نے ایک عدالت کو بتایاکہ مقبول عام ویڈیو ساجھے داری ویب سائٹ پر مذہبی توہین آمیز مواد( شان رسالتؐ میں گستاخی) پر مستقل امتناع کیلئے میکانزم وضع کئے جانے تک یوٹیوب پر امتناع برخاست نہیں کیا جاسکتا ہے۔ وفاقی اطلاعاتی و ٹکنالوجی وزارت نے پشاور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ کو اپنے موقف سے واقف کرادیا۔ عدالت قانون داں مینا محب اﷲ کا کاکھیل کی دائر کردہ عرضی کی سماعت کررہی تھی جس کے ذریعہ یوٹیوب پر تقریباً ایک سال امتناع کو چیلنج کیا گیا تھا۔ ستمبر 2012ء میں یوٹیوب سائٹ پر مخالف اسلام فلم "انوسینس آف مسلمس" کے چند تراشے پیش کئے گئے تھے جس کے بعد سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے یوٹیوب پر امتناع عائد کردیا تھا۔ فلمی مناظر کی نمائش کے خلاف سارے ملک میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔ ہائیکورٹ میں دائر کردہ اپنی درخواست میں کاکا کھیل نے امتناع کو چیلنج کرتے ہوئے بتایاکہ یوٹیوب کے پیش کردہ تعلیمی مواد کی رسائی میں طلباء کو مسائل کا سامنا ہورہا ہے۔ انہوں نے عدالت سے التجا کی کہ وہ سرکاری عہدیداروں کو اس بات کی ہدایت دیں کہ وہ اہانت مذہب مواد کو علیحدہ کرتے ہوئے سائٹ کو دوبارہ کشادہ کردے۔ سماعت کے دوران ججوں کو بتایا گیا کہ وزارت اطلاعاتی ٹکنالوجی نے یوٹیوب پر اہانت مذہب مواد پر امتناع کے طریقہ کار وضع کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ وزارت نے بنچ کو بتایاکہ مذہبی بے حرمتی پر مبنی مواد کے حذف کئے جانے کے میکانزم کے قیام تک یوٹیوب پر امتناع برخاست نہیں کیا جائے گا۔ ججس نے بتایا کہ اگر پاکستان کی ٹیلی کمیونکیشن اتھاریٹی میں اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے ماہرین کی کمی ہے تو دیگر ممالک کے ماہرین سے مذہبی بے حرمتی پر مبنی مواد کی روک تھام کیلئے کہا جاسکتا ہے۔


No lifting of YouTube ban in Pak till blasphemous material filter blocking mechanism in place

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں