ہند و پاک تجارت میں فروغ کا نیویارک میٹنگ پر انحصار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-21

ہند و پاک تجارت میں فروغ کا نیویارک میٹنگ پر انحصار

India Pakistan trade liberalisation
ہندوستان نے واضح کردیا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارت میں مزید کوئی فراخدلانہ پالیسی متعارف کرنے کا انصحار دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کی آئندہ ماہ نیویارک میں ممکنہ میٹنگ پر رہے گا۔ تاہم ابھی تک کچھ تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ آیا وزیراعظم منموہن سنگھ اپنے پاکستانی ہم منصف نواز شریف سے نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے سالانہ سیشن کے موقع پر ملاقات کریں گے، کیونکہ پس منظر میں سیز فائر کی حالیہ خلاف ورزیاں اور جموں و کشمیر میں ایل او سی پر پاکستانی فورسیس کی جانب سے 5 ہندوستانی فوجی جوانوں کی ہلاکت نمایاں رہیں گی۔ اصل اپوزیشن پارٹی بی جے پی نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر سنگھ کو پاکستانی آرمی کی جانب سے سرحد پر مسلسل سیز فائر خلاف ورزیوں کو دیکھتے ہوئے نواز شریف سے کوئی بھی ملاقات نہیں کرنا چاہئے۔ وزارت تجارت کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ تجارت سے متعلق مذاکرات اور دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت میں مزید فراخدلی میں پیشرفت یہ سب کچھ دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کی نیویارک میں ملاقات پر منحصر ہے۔ جنوری میں ہندوستانی سپاہیوں کو ہلاک کرکے اُن کے سر تن سے جدا کئے جانے والے واقعہ کے بعد تجارتی پالیسی پر اثر پڑا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان ہندوستان کو نہایت پسندیدہ قوم (ایم ایف این) کا موقف دینے کی قطعی مہلت سے بھی چوک گیا جس پر ہندوستانی حکام میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ پڑوسی ملک کو گذشتہ سال دسمبر میں یہ موقف عطا کردینا چاہئے تھا۔ ہندوستان اور پاکستان کے معتمدین تجارت کی آخری مرتبہ ستمبر 2012ء میں میٹنگ ہوئی تھی۔ کامرس سکریٹری ایس آر راؤ ساتویں دور کی بات چیت کیلئے اسلام آباد گئے تھے جہاں کمرشیل اور اکنامک کوآپریشن کے بارے میں غور و خوص ہوا۔

India-Pakistan trade liberalisation depends on PM's meeting in New York

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں