فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دی جائے - وزیراعظم منموہن سنگھ کی اپیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-21

فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دی جائے - وزیراعظم منموہن سنگھ کی اپیل

pm manmohan singh
وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے قوم کو خبردار کیا کہ فرقہ پرست طاقتیں معاشرہ میں انتشار پیدا کرسکتی ہیں اور ملک کو تقسیم کرنے کی سازشیں کررہی ہیں۔ ان طاقتوں کو آئندہ انتحابات میں شکست دی جانی چاہئے۔ منموہن سنگھ نے اپنے مزاج کے بالکل برعکس پہلی مرتبہ راست طورپر بی جے پی اور نریندر مودی کی طرف اشارہ کتے ہوئے سخت الفاظ میں اظہار خیال کیا۔ نئی دہلی میں راجیو گاندھی سدبھاؤنا ایوارڈ تقریب سے وہ خطاب کررہے تھے۔ ممتاز سرود نواز امجد علی خان کو صدر کانگریس سونیا گاندھی کے ہاتھوں یہ ایوارڈ دیا گیا۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہندوستان ایک عظیم اور جدید ملک ہے جہاں کئی مذاہب کے عقیدت مند اس ملک کے شہری ہیں۔ یہاں کئی زبانیں بولی جاتی ہیں۔ ہندوستان کے اس تنوع کا کبھی کبھی معاشرہ میں انتشار کیلئے استحصال کیا جاتا ہے۔ کچھ عرصہ قبل ہندوستان میں فرقہ وارانہ فساد پھوٹ پڑا تھا۔ اس فساد سے ہمیں سبق حاصل کرنا چاہئے۔ فرقہ پرست طاقتوں کو کبھی اس ملک میں ابھرنے کا موقع فراہم نہیں کیا جاناچاہئے۔ ہرسطح پر ہروقت، زندگی کے ہر قدم پر فرقہ پرست طاقتوں کی مخالفت کی جانی چاہئے، خواہ وہ انتخابات کا موقع ہوا یا کوئی اور ماحول ہو۔ تمام جماعتوں، سماج کے تمام طبقہ اور تمام شریوں کا یہ فریضہ ہے کہ ان طاقتوں کو شکست دی جائے۔ منموہن سنگھ نے کسی مخصوص جماعت یا لیڈر کا نام نہیں لیا، لیکن ان کے اس خطاب کا واضح اشارہ نریندر مودی کی طرف تھا، جو لوک سبھا انتخابات کے موقع پر فرقہ وارانہ ماحول بگاڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کانگریس کی نظر میں مودی ایک تخریبی ذہن کے حامل شخص ہیں۔ وزیراعظم نے جموں و کشمیر کے کشٹوار ٹاون کے فساد کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس فساد سے ہمیں سبق حاصل کرنا چاہئے اور فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے میں غفلت نہیں برتنی چاہئے۔ انہوں نے ملک میں مختلف طبقات اور فرقوں کے درمیان ہم آہنگی اور خوشگوار تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ملک کے شہریوں میں کبھی بد اعتمادی نہیں رہی۔ کوئی بھی طاقت ہندوستانی شہریوں کو منقسم نہیں کرسکتی۔ فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دیتے ہوئے ملک کے اتحاد اور سالمیت کو مستحکم کرنا سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کیلئے حقیقی خراج عقیدت یہی ہوسکتا ہے۔

PM Manmohan Singh: Stop communal forces in elections

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں