عید کے موقع پر ملک بھر میں سخت سیکوریٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہندوستان کے علاوہ برصغیر کے دیگر ممالک میں بھی جمعہ کو عیدالفطر منائی جائے گی۔
حیدرآباد میں مجلس علماء دکن کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا ماہانہ اجلاس بضمن رویت ہلال ماہ شوال 1434ھ آج شام حسینی بلڈنگ معظم جاہی مارکٹ میں منعقد ہوا۔ شہر میں مطلع ابرآلود تھا ، چاند نظر نہیں آیا البتہ چنئی (مدراس) ، ناندیڑ ، مدھول ، رائے چوٹی اور نیلور میں چاند نظر آنے کی اطلاعات ملیں لہذا تحت احکام شرعیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن نے اعلان کیا ہے کہ بتاریخ 9/اگست/2013 بروز جمعہ یکم شوال المکرم 1434ھ ہوگی۔
صدر جمہوریہ پرنب مکرجی ، نائب صدر حامد انصاری ، وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے آج ملک کے عوام کو عیدالفطر کی مبارک باد پیش کی ہے۔ ان تمام قائدین نے اپنے علیحدہ پیامات میں اس امید کا اظہار کیا کہ اس عید کے موقع پر ملک میں فرقہ وارانہ یکجہتی اور بھائی چارہ کو فروغ ملے گا اور عوام کی زندگیوں میں خوشیوں کا بول بالا ہوگا۔
صدر جمہوریہ نے اپنے پیام میں امید ظاہر کی ہے کہ عیدالفطر ملک کے عوام میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ دے گی اور ہندوستان کے ہمہ جہتی کلچر کو فروغ حاصل ہوگا۔
Eid Al Fitr in India Friday August 09, 2013
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں