اردو زبان کی ہمہ جہت ترقی اور فروغ اردو مشن کے لیے کام کرنے والے مرکزی حکومت کے سب سے بڑے ادارے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نے 4 ستمبر تا 6 ستمبر 2013 کو دہلی میں سہ روزہ عالمی کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ لیا ہے۔ جس میں ملک و بیرون ملک کے نامور ادبا، شعرا، قلم کار، مصنّفین و نمائندہ اردو شخصیات شرکت کررہی ہیں۔ کونسل کے وائس چیئرمین پروفیسر وسیم بریلوی اورڈائرکٹر ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین کے مطابق اس سہ روزہ عظیم الشان عالمی اردو کانفرنس کے افتتاح کے لیے دہلی کی وزیر اعلی محترمہ شیلا دکشت سے رابطہ کیا گیا ہے جب کہ مرکزی وزیر برائے فروع انسانی وسائل جناب پلم راجو بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ وزیر موصوف کے علاوہ مرکزی وزیر مملکت برائے فروغ انسانی وسائل جناب جتن پرساد، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیرالدین شاہ، جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ایس کے سپوری، ساہتیہ اکادمی کے سابق صدر و ممتاز اردو ادیب پروفیسر گوپی چند نارنگ اور معروف اردو ادیب سید محمد اشرف کے علاوہ بڑی تعداد میں محبان اردو اِس افتتاحی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر خواجہ محمداکرام الدین افتتاحی اجلاس کو کونسل کے اغراض و مقاصد سے متعارف کرائیں گے۔ استقبالیہ خطبہ کونسل کے وائس چیئرمین پروفیسر وسیم بریلوی پیش کریں گے۔ اپنے مشترکہ بیان میں کونسل کے دونوں ذمے داران نے کہا کہ اس سہ روزہ کانفرنس کے مختلف اجلاس ہوں گے جس میں اردو زبان و ادب کے فروغ کے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور ماہرین مقالات پیش کریں گے۔ انھوں نے کانفرنس کی غرض و غایت بتاتے ہوئے کہا کہ قومی اردو کونسل فروغ اردو مشن کے تحت متعدد اسکیموں کے علاوہ اردو زبان کے مسائل اور اس کی اہمیت اور ترقی کے موضوع پر ملک کے مختلف علاقوں میں سیمینار و سمپوزیم وغیرہ کا بھی انعقاد کرتی آئی ہے اور اب کونسل عالمی اردو کانفرنس کا انعقاد اس لیے کررہی ہے تاکہ قومی اور بین الاقوامی تناظر میں اردو زبان کے فروغ کے امکانات کو تلاش کیا جاسکے اور اس کی ہمہ جہت ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے۔ انھوں نے کہا اردو خالصتاً آریائی زبان ہونے کے ساتھ ساتھ عالمی رابطے کی بھی زبان ہے اور آج یہ زبان امریکہ، کناڈا، برطانیہ، روس، مصر، ترکی، ایران، ماریشس جیسے ممالک میں بھی مقبول ہوتی جارہی ہے۔ اردو کی نئی بستیوں سے اردو زبان و ادب کو ایک نئی جہت ملی ہے۔ اِس عالمی کانفرنس کا انعقاد اسی پس منظر میں ہے۔
سہ روزہ عالمی کانفرنس کی تفصیلات بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 4 ستمبر کو افتتاحی اجلاس کے بعد 5 ستمبر کے پہلے سیشن میں ’اردو کے فروغ میں سرکاری اور غیرسرکاری تنظیموں کے کردار‘ کے موضوع پر اردو اداروں سے جڑی سرکردہ شخصیات مقالات پیش کریں گی۔ اس سیشن کی مجلس صدارت کے اراکین میں پروفیسر وسیم بریلوی، سابق مرکزی وزیر محمد علی اشرف فاطمی، جسٹس راجندر سچر، مولانا ولی رحمانی، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد میاں اور انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیر آئی قاضی کے نام شامل ہیں۔ 5 ستمبر کو دوسرے سیشن کا موضوع ’اردو کا عالمی تناظرتہذیب و ادب کے حوالے سے‘ ہے۔ جس میں امریکہ، روس، مصر، ترکی، ایران، پاکستان اور ماریشس کے ادبا اپنے مقالات پیش کریں گے۔ ممتاز اردو ادیب پروفیسر شمس الرحمن فاروقی ، سید تقی عابدی، اور پروفیسر عبدالحق اس دوسرے سیشن کی صدارت فرمائیں گے۔ 5 ستمبر کی شام ساڑھے پانچ بجے بین الاقوامی مشاعرے کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں پروفیسر وسیم بریلوی، راحت اندوری، نواز دیوبندی، منصور عثمانی، فرحت شہزاد (امریکہ)، عباس تابش (پاکستان)، ڈاکٹر عبداللہ (امریکہ)، ڈاکٹر زبیر فاروق (دبئی)، عمر سلیم العدروس (جدہ) عزیز نبیل (دوحہ قطر)، محمد جلیل احمد (دوحہ قطر)، اشفاق حسین زیدی(کناڈا)، نکہت نسیم (آسٹریلیا)، عطا الحق قاسمی (پاکستان) کے علاوہ ملک کے نامور شعرا شرکت کررہے ہیں۔
اسی طرح 6 ستمبر کو ’اردو کے فروغ میں فلم اور میڈیا کے کردار‘ کے موضوع پر پہلے سیشن کا انعقاد ہوگا جس میں بی بی سی لندن کے رضا علی عابدی، دور درشن کے ڈائرکٹر جنرل (نیوز) ایس ایم خان، فلم ساز مظفرعلی، زاہد علی خان اور کامناپرساد شرکت کریں گی۔ اس اجلاس میں فلم اور صحافت سے جڑی ملک و بیرونِ ملک کی نامور شخصیات اپنے مقالات پیش کریں گی۔ دوسرے سیشن کا موضوع’ انسان دوستی کے فروغ میں اردو کا کردار‘ ہے۔ جس کی صدارت پروفیسر گوپی چند نارنگ، پروفیسر شمیم حنفی، پروفیسر اخترالواسع، پروفیسر عتیق اللہ اور وبھوتی نرائن رائے کریں گے۔ اردو کے نامور قلم کار و ادیب اس اجلاس میں اپنے قیمتی مقالات پڑھیں گے۔6 ستمبر کا آخری اجلاس سفارشات و تجاویز پر مبنی ہوگا۔ اجلاس کے دوران جو سفارشات اور تجاویز آئیں گی کونسل انھیں عملی شکل دینے کا اعلان کرے گی۔5 اور 6 ستمبر کے تمام اجلاس و مشاعرہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے کنونشن سینٹر میں منعقد ہوں گے۔ کونسل کے وائس چیئرمین پروفیسر وسیم بریلوی اور ڈائرکٹر ڈاکٹر خواجہ محمداکرام الدین نے ملک کے تمام محبان اردو سے اس عالمی کانفرنس میں شرکت کرکے کامیاب بنانے کی پرزور اپیل کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اردو کا ہر خاص و عام اس عالمی اردو کانفرنس میں شرکت کرکے فروغ اردو مشن کو مزید آگے بڑھانے میں کونسل کی معاونت کرے گا۔
3day World Urdu Conference by NCPUL
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں