مالیگاؤں دھماکے - تحقیقاتی اداروں کے فرد جرم میں تضاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-04

مالیگاؤں دھماکے - تحقیقاتی اداروں کے فرد جرم میں تضاد

مالیگاؤں میں 2006ء میں ہوئے بم دھماکوں کے کیس میں ایک ملزم نے ایک خصوصی عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے ادعا کیا ہے کہ اس مقدمہ میں مختلف تحقیقاتی ایجنسیوں نے جو فرد جرم پیش کی ہے ان میں تضاد پایا جاتا ہے اس لئے انہیں الزامات منسوبہ سے بری کیا جائے۔ قبل ازیں اس کیس کے دوسرے 7 ملزمین نے بھی انہی بنیادوں پر برات کی درخواست عدالت میں دائر کی ہے۔ ملزم فرخ اقبال احمد مخدومی نے ایک درخواست دائر کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی ہے کہ چونکہ مختلف تحقیقاتی ایجنسیوں کی فرد جرم میں تضاد پایاجاتا ہے اس لئے انہیں الزامات منسوبہ سے بری کیا جائے۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی وکیل گیتا گوڈمبے نے ملزم کی درخواست پر جواب داخل کرنے کیلئے عدالت سے وقت طلب کیا ہے۔ خصوصی مکوکا عدالت نے اس معاملہ کی آئندہ سماعت 29 اگست کو مقرر کی ہے۔ ملزم نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ اس کیس کی تحقیقات این آئی اے، سی بی آئی اور مہاراشٹرا انسداد دہشت گردی دستہ نے کی ہے۔ ان سب کے فرد جرم میں تضاد پایا جاتا ہے۔ اس سے قبل نورالہدی شمس الضحی، شبیر احمد مسیح اﷲ، رائیس احمد رجب علی منصوری، محمد زاہد عبدالمجید، ابرار احمد غلام احمد، آصف بشیر خان اور محمد علی نے بھی انہی بنیادوں پر عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے انہیں الزامات سے بری کرنے کی استدعا کی تھی۔ ملزمین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی جمعےۃ العلماء مہاراشٹرا کی جانب سے یہ درخواست دائر کی گئی ہے۔ ملزم نے الزام عائد کیا کہ اس مقدمہ میں انہیں غلط پھنسایا گیا ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ کمشنر پولیس ممبئی یا پھر دوسرے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت جاری کرے کہ وہ انہیں مقدمات میں غلط پھانسنے والے پولیس عہدیداروں اور اے ٹی ایس عملہ کے خلاف محکمہ جاتی تحقیقات کروائیں۔ جمعےۃ العلماء کے فراہم کردہ وکیل شاہد ندیم انصاری نے اپنی بحث میں کہا کہ این آئی اے نے یہ نتیجہ اخذ کرلیا کہ ملزمین سے جو اقبالی بیانات لئے گئے ہیں۔ عدالت نے قبل ازیں 7 ملزمین کو جو مالیگاؤں بم دھماکوں کے کیس میں ماخوذ کئے گئے تھے ضمانت فراہم کردی ہے۔ یہ ضمانت این آئی اے کی جانب سے اپنی ابتدائی رپورٹ پیش کئے جانے کے بعد فراہم کی گئی تھی۔ مالیگاؤں میں 8 ستمبر 2006ء کو شب برات کے موقع پر 4 بم دھماکے ہوئے تھے جن میں 37 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں