اب موبائل فون کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو کا فونٹ دستیاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-04

اب موبائل فون کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو کا فونٹ دستیاب

computer internet urdu tools launching
کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر اہتمام اردو دنیا میں ایک نئے تاریخی باب کا اس وقت اضافہ ہوگیا جب ذاکر حسین دہلی کالج کے غنی ہاشمی آڈیٹوریم میں مرکزی وزیر کپل سبل نے اردو زبان میں اردو پیڈیا اور ٹولز کا اجراء کیا۔ اس موقع پر اردو کونسل کے کارکنان کو مباربکاد دیتے ہوئے کپل سبل نے اردو کے لئے مزید پائیدار کام کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ ہم اردو کیلئے انصاف کی لڑائی لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا فریضہ تھا جسے ہم نے نئی نسل کے محفوظ مستقبل کیلئے پورا کیا ہے۔ آنے والے دنوں میں ہمارے لئے سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ ہم آنے والی نسلوں کیلئے کیا کررہے ہیں۔ اردو پیڈیا اس سمت میں ایک اہم پیشرفت ہے جو اردو کے طلبہ کی تعلیمی رہنمائی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ جس ملک میں انصاف کا بول بالا نہیں ہوتا اس کی مشترکہ بنیادیں کمزور ہوجاتی ہیں۔ شاعرانہ مزاج کے مرکزی وزیر نے اس موقع پر "انصاف دینے کی ہمت دکھاؤ" کے عنوان سے ایک نظم پڑھی۔ اپنے اشعار میں اشارۃ انہوں نے مودی پر خوب طنز بھی کیا۔ واضح ہو کہ اس سے قبل 12 جولائی کو قومی کونسل جسولہ میں وزیر موصوف کے ہاتھوں ہی اردو فونٹ اور اردو کی بورڈ کا اجرا عمل میں آچکا ہے۔ اب اس کے ساتھ اردو فونٹ موبائل، کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر دستیاب ہوسکے گا اور اردووالے اس سے فائدہ حاصل کرسکیں گے۔ پروگرام کی نظامت تحسین منور نے کی۔ پروگرام کے مہمان خصوصی مسٹر جے ستیہ نارائن سکریٹری برائے محکمہ الیکٹرونکس و انفارمیشن ٹکنالوجی نے اس موقع پر کہاکہ اردو زبان ہندوستان کی علامتی تہذیبی زبان ہے جسے ہر قیمت پر بچانا اور اسے فروغ دینا ایک ہندوستانی کی ذمہ داری ہے۔ ستیہ نارائن نے کہاکہ ہم اس سمت پوری دلجمعی کے ساتھ کوشش کررہے ہیں اور اردو کے فروغ کیلئے محکمہ ہر ممکن مدد کرنے کیلئے تیار ہے۔ قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر خواجہ اکرام الدین نے کہاکہ آج ہم اردو دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے جارہے ہیں جس کی وجہہ سے اب ملک کا اردو طبقہ اپنے سارے مواد انٹرنیٹ کے ذریعہ براہ راست اردو میں حاصل کرسکے گا۔ انہوں نے اس موقع پر اردو آبادی کی طرف سے اس اہم اور تاریخی کام پر وزیر موصوف مسٹر کپل سبل کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر مہیش کلکرنی نے اردو پیڈیا ٹولز کا جامع تعارف پیش کرتے ہوئے اس کے استعمال کے طریقے بتائے۔ پدم شری پروفیسر اخترالواسع اس تاریخی لمحات کو اردو کے اس تاریخ سے جوڑے ہوئے کہاکہ دلی کالج نے یہیں سے اردو کی تاریخ میں ایک عظیم تاریخ بنائی تھی اور آج ہم سب اسی جگہ بیٹھ کر اردو کو نئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اب اردو پیڈیا کا اجرا کرنے کیلئے جمع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسٹر سبل نے اردو والوں کو شرمندہ ہونے سے بچالیا ہے جس کیلئے ہم اپنی پوری اردو دنیا کی طرف سے ان کے شکر گذار ہیں۔ مولانا ولی رحمانی نے اردو پیڈیا ٹولز کو اردو طبقہ کیلئے نہایت مفید بتاتے ہوئے کہاکہ اب اردو فضائے بسیط کی شاہراہ پر چلنا شروع کردیا ہے جس سے آنے والی نسلیں خوف نفع اندوز ہوں گی۔ یہ بڑا تاریخی کام ہے۔ انہوں نے مسٹر سبل کے قول و عمل میں یکسانیت بتاتے ہوئے کہاکہ وہ دوسرے وزراء سے منفرد اور برد بار فکر و عمل، حزم و احتیاط کے حامل ہیں۔ قومی کونسل کے وائس چیرمین اور معروف شاعر پروفیسر وسیم بریلوی نے کہاکہ قومی کونسل اس اہمیت سے اہم ہے کہ اب تک اس ادارے کی طرح اردو زبان و ادب پر دیرپا اور دوررس کام کسی نے نہیں کیا۔ ارود سہارا کے ہیڈ سید فیصل علی نے اردو کے بارے میں افواہوں کو باطل قرار دیتے ہوئے کہا آج اردو ختم ہورہی ہے، اردو کی بورڈ کے بعد اب اردو پیڈیا کے اجرا سے اب اردو بھی انٹرنیٹ کی زبان بن گئی ہے جس سے پوریا نسل فائدہ اندوز ہوتی رہے گی، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس میں کتنا دلچسپی لیتے ہیں۔ روزنامہ انقلاب کے ایڈیٹر (نارتھ) شکیل حسن ہاشمی نے کہاکہ اردو دنیا اب نئے دور میں قدم رنجہ ہورہی ہے جو اپنے تمام تعلیمی و فنی امور میں خود مختار ہونے کے ساتھ ٹکنالوجی کے میدان میں بھی بہت آگے ہے۔ پروگرام کے اخیر میں ذاکر حسین کالج کے پرنسپل ڈاکٹر اسلم پرویز نے کہاکہ اب ہم نے اردو میں پاکستان کو شکست دے دی ہے اور ہم اپنی زبان میں خود مختار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر قومی اردو کونسل کے تمام کارکنان وزرات برائے مواصلات کے تمام محکمہ جات اور بطور خاص مسٹر کپل سبل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ان تمام حضرات کی کوششوں سے اردو والے روشن دور میں قدم رکھ رہے ہیں۔ پروگرام میں بڑی تعداد میں اردو والوں سے وابستہ پروفیسرز، ریسرچ اسکالرز، شاعر، ادیب کے علاوہ ذاکر حسین دہلی کالج کے اساتذہ طلبہ و طالبات موجود تھے۔

Telecom and IT Minister Kapil Sibal launch Urdu Pedia and Urdu language software tools

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں