برما کے روہنگیہ مسلمانوں کی مدد کے لیے مہاجرین ریلیف بازآبادکاری کمیٹی کا قیام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-01

برما کے روہنگیہ مسلمانوں کی مدد کے لیے مہاجرین ریلیف بازآبادکاری کمیٹی کا قیام

سلامہ ہیلت اینڈ ویلفیر ٹرسٹ نے ہندوستان بھر کے مختلف شہروں میں مقیم روہنگی مسلمانوں کی بازآبادکاری، بالخصوص تعلیمی اور طبی امداد کی فراہمی کیلئے برمی مہاجرین ریلیف باز آبادکاری کمیٹی، انڈیا کا قیام عمل میں لایا۔ ٹرسٹ کی جانب سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جناب خالد رسول خان نے برسوں سے مظالم کا شکار برمی مسلمانوں کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے بین الاقوامی امن پسند تنظیموں کی مجرمانہ خاموشی کو قابل افسوس قرار دیتے ہوئے کہاکہ کسی بھی ملک میں انسانی حقوق کی پامالی، مذہب اور ذات پات کے نام پر پسماندہ طبقات پر مظالم اور منظم انداز میں ان کی نسل کشی کی ہرگز اجازت نہیں ہے اور اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کمیشن کی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے مگر برما ایسا مقام ہے جہاں انسانی حقوق کیلئے سرگرم تنظیموں کی کارکردگی قابل تنقید رہی ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے جمہوری نظام کو قابل ستائش قراردیتے ہوئے کہاکہ ہندوستان واحد ایسا جمہوری ملک ہے جہاں پر مہاجرین کو نہ صرف رہنے بسنے بلکہ زندگی سنوارنے کا موقع فراہم کیا جاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کے بھی کئی مقامات پر برمی مسلمان قیام پذیر ہیں جن کی بازآبادکاری کیلئے سلامہ ہیلت اینڈ ویلفیر ٹرسٹ کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے عوام کے تعاون سے برما کے مسلمانوں کی باز آبادکاری کی اپیل کی۔ ٹرسٹ کے دیگر ذمہ داران غلام یزدانی ایڈوکیٹ، پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن، عبدالجبار صدیقی، منظور احمد، ناظم الدین فاروقی نے برمی مسلمانوں کی بازآبادکاری کیلئے درکار اقدامات کو روبہ عمل لانے کی عوام سے اپیل کی۔ ٹرسٹ کی جانب سے ایک ڈاکیومنٹری کی نمائش کی گئی جس میں برمی مسلمانوں پر مظالم کے منظر موجود ہیں۔ برمی تشدد کا شکار نوجوان نور کمال جس کے دونوں ہاتھ کاٹ دئیے گئے ہیں نے برمی مسلمانوں پر ڈھائے جارہے مظالم کی داستان سناتے ہوئے روپڑے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں