رہائشی عمارتوں پر موبائل ٹاور کے خلاف سپریم کورٹ کی ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-20

رہائشی عمارتوں پر موبائل ٹاور کے خلاف سپریم کورٹ کی ہدایت

removal of mobile towers from the residential areas
سپریم کورٹ کے رہائشی عمارتوں سے موبائل ٹاور ہٹانے کے حکم اور اس بارے میں متعلقہ افسروں کو مطلع کرنے کے باوجود مہانگر ٹیلی فون نگم لمیٹیڈ (ایم ٹی این ایل) اپنا ٹاور نہیں ہٹارہا ہے۔ راجدھانی کے وسنت کنج بی بلاک کے ریزیڈینشیل ویلفیر اسوسی ایشن (آر ڈبلیو اے) کے سربراہ راجیو رنجن نے یو این آئی کو بتایا کہ ان کی رہائشی عمارت میں ایم ٹی این ایل کا ٹاور لگا ہوا ہے جو علاقے کے 1800 فلیٹوں کے ہزاروں لوگوں کی جان کا دشمن بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کی رہائشی بلڈنگ میں اس ٹاور کے لگنے کے بعد 10افراد کینسر سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 3 کی موت ہوچکی ہے۔ رنجن نے کہاکہ یہ ٹاور6ہزار میگاواٹ کی صلاحیت کا حامل ہے اور اس سے نکلنے والی تابکار شعاعیں مقامی لوگوں کی صحت پر مسلسل مضر اثر ڈال رہی ہیں۔ اس بارے میں انہوں نے ایم ٹی این ایل کے افسروں کے ساتھ جنوبی دلی میونسپل کارپوریشن کے کمشنر سے بھی شکایت کی ہے لیکن اب تک ان کے مسئلے پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ قانون ہے کہ مقامی لوگوں کی اجازت کے بغیر اس طرح کا کوئی ٹاور رہائشی علاقے میں نہیں لگ سکتا۔ انہوں نے اس ٹاور کو ہٹانے کی بار بار شکایت کی ہے لیکن اب تک ان کی ان شکایتوں پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے بتایاکہ یہ ٹاور ان کی کالونی کی دیوار سے متصل ہے جس کی وجہہ سے لوگوں کو کینسر جیسی مہلک بیماری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن انتظامیہ ان کی شکایت پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔

Supreme Court order directing the removal of mobile towers from the residential areas

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں