کانگریس اور بی۔جے۔پی سمجھوتا کھیل میں مصروف - ممتا بنرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-20

کانگریس اور بی۔جے۔پی سمجھوتا کھیل میں مصروف - ممتا بنرجی

ترنمول کانگریس کی سربراہ و چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج کہاکہ ان کی پارٹی کبھی بھی بی جے پی لیڈر نریندر مودی کی تائید و حمایت نہیں کرے گی۔ انہوں نے رامپور ہٹ میں پنچایت انتخابات کی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے نریندر مودی کی تائید نہیں کی اور مستقبل میں بھی کبھی ان کی تائید نہیں کریں گے۔ کانگریس زیر قیادت یوپی اے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہاکہ یوپی اے گذشتہ 10 سال سے حکمرانی کررہی ہے لیکن اس عرصہ کے دوران انہوں نے کبھی بھی نریندر مودی کے تعلق سے کچھ بھی نہیں کہا لیکن اب جبکہ انتخابات کا وقت قریب آتا جارہا ہے کانگریس کی جانب سے ان پر تنقیدکی جارہی ہے۔ کانگریس اور بی جے پی سمجھوتہ کے کھیل میں مصروف ہیں۔ ممتا بنرجی نے کل ایک تقریر کے دوران کانگریس اور بی جے پی کو ایک ہی سکہ کے دو رخ قرار دیا تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سی پی ایم نے بھی اسی طرح کا سمجھوتہ کا کھیل کھیلا ہے تاکہ ووٹ حاصل کئے جاسکیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سی پی ایم نے گجرات فسادات کے متاثر قطب الدین انصاری کو کولکتہ لاکر انہیں استعمال کیا ہے تاکہ اس سے سیاسی فائدہ حاصل کیا جاسکے۔ انہیں بعد میں نظر اندازکردیا گیا۔ ریاست میں مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کردہ اسکیمات کاتذکرہ کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہاکہ ان کی حکومت نے اقلیتی محکمہ جات کے بجٹ میں 73فیصد کا اضافہ کیا ہے ممتا بنرجی نے کہاکہ مسلمان مغربی بنگال میں 26فیصد ووٹ رکھتے ہیں اور مسلم ووٹ سی پی ایم کے بجائے ترنمول کانگریس کے حق میں گئے یہی وجہہ ہے کہ لوک سبھا اور پھر اسمبلی انتخابات میں ترنمول کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں