فوڈ اسکیم کو پورے جذبے اور حوصلے کے ساتھ روبہ عمل لایا جائے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-14

فوڈ اسکیم کو پورے جذبے اور حوصلے کے ساتھ روبہ عمل لایا جائے

صدر کانگریس سونیا گاندھی نے کانگریس کی زیر اقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس کہا ہے کہ وہ غذائی طمانیت اسکیم کو پورے جذبہ اور حوصلے کے ساتھ روبہ عمل لائیں۔ یہ اسکیم آئندہ 2014ء لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کیلئے بہت بڑی تبدیلی کا موجب ثابت ہوگی۔ انہوں نے غذائی طمانیت اسکیم کی عمل آوری کو کس طرح انجام دیا جائے، پر کانگریس چیف منسٹروں کے ساتھ مشاورت کی۔ یہ اسکیم ملک بھر کے 82کروڑ عوام کو سستا اناج فراہم کرنے کیلئے تیار کی گئی ہے۔ گذشتہ ہفتہ ہی آرڈنینس بھی جاری کیا گیا ہے۔ پارٹی ذرائع نے کہاکہ اجلاس میں چیف منسٹروں سے کہا گیا ہے کہ وہ لوک سبھا کے انتخابات کیلئے تیاری کریں۔ اپنی مقبول عام اسکیمات اور اقدامات کے ساتھ عوام سے رجوع ہوں۔ دہلی جہاں پر سال کے اواخر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں پہلی ریاست ہوگی جہاں 20اگست سے یہ اسکیم روبہ عمل لائی جائے گی۔ یہ تاریخ سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کی یوم پیدائش ہے۔ کانگریس ے چیف منسٹروں کے علاوہ اجلاس میں وزیراعظم منموہن سنگھ، پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی، وزیر اغذیہ کے وی تھامس اور اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹریز و ارکان بھی شریک تھے۔ اس اجلاس کا مقصد اسکیم کو روبہ عمل لانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کرنے پر زور دینا تھا۔ کانگریس حکمرانی والی ریاستوں میں اس اسکیم کو روبہ عمل لاتے ہوئے مثالی رول ادا کیا جاسکتا ہے۔ ڈائرکٹر بنیفٹ ٹرانسپورٹ اسکیم اور فوڈ سکیورٹی قانون کو 2014ء عام انتخابات سے قبل کانگریس کی جانب سے کئے گئے سب سے بڑے اقدامات سمجھ جارہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کسانوں کو یوپی اے حکومت کے مرحلہ اول میں قرض راحت اسکیمات اور ایم این آر جی اے پر بھی عمل کیا گیا تھا۔ 2009ء میں کسانوں کو قرض راحت اور ایم این آر جی سے اسکیمات سے یوپی اے کو دوبارہ اقتدار ملا۔ کانگریس حکومت والی ریاستوں کرناٹک اور اترا کھنڈ کے بشمول کئی ریاستوں میں اس پروگرام پر عمل آوری کی جائے گی۔ بی جے پی حکمرانی والی ریاست چھتیس گڑھ، سماج وادی پارٹی حکمرانی والی ریاست اترپردیش اور جنتادل (یو) اقتدار والی ریاست بہار میں بھی بیک وقت اس اسکیم کو روبہ عمل لایا جارہا ہے۔ پارٹی قائدین چاہتے ہیں کہ یہ اسکیم جلد سے جلد شروع کی جائے تاکہ لوک سبھا انتخابات کے وقت کانگریس کے حق میں عوام کی ہمدردی حاصل کی جاسکے۔ یہ بل سونیا گاندھی کا پسندیدہ پراجکٹ ہے۔

Sonia Gandhi asks CMs to roll out food scheme in 'letter and spirit'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں