floods ravaged the uttarakhand state
بدری ناتھ، گنگوتری اور یمنوتری کے مندر جو اُترا کھنڈ کی آفت سماوی سے متاثر ہیں،30 ستمبر سے دوبارہ کھول دئیے جائیں گے۔ چیف منسٹر وجئے بہوگنا نے کہاکہ یہ پہلی مرتبہ ہے جبکہ ریاستی حکومت نے مندروں کی یاترا کے دوبارہ آغاز کا اعلان کیا ہے۔ 16جون کو ریاست میں سیلاب سے زبردست تباہی پھیلی تھی۔ بہوگنا نے کل ضلع ردرپریاگ کے علاقہ گپت کاشی کا دورہ کیا اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کوتیقن دیا کہ 30 ستمبر سے مندروں کی یاترا کا دوبارہ آغاز ہوجاء یگا۔ اُمید ہے کہ اُس وقت تک سرحدی شوارع تنظیم تمام سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کرلے گی۔ عہدیداروں نے حکومت کو یقین دہائی کی ہے کہ شہر آفاق مندروں کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت 30ستمبر تک مکمل کرلی جائے گی تاکہ یاترا کا احیاء ہوسکے۔ این ڈی آر ایف کیدارناتھ میں جنگی خطوط پر ملبہ ہٹانے میں مصروف ہے اور ہر 10دن بعد صورتحال کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ جلپائی گوڑی سے موصولہ اطلاع کے بموجب مغربی بنگال کے ضلع جلپائی گوڑی میں زبردست بارش کی وجہہ سے دریائے تیستا میں طغیانی آگئی ہے اور 5 ہزار سے زیادہ افراد دیگر علاقوں سے کٹ کر الگ تھلگ ہوگئے ہیں۔ چاپا ڈانگا، پریم گنج، دکھن چنگاری علاقوں میں سیلاب میں آئی ہوئی دریا میں 100 میٹر تک کنارہ توڑ دیا ہے۔ جبکہ کل رات تیستا بیارک سے اس میں 3200 کیوزکس پانی چھوڑا گیا۔ 2ہزار مکان سیلاب سے زیر آب آگئے ہیں۔ جلپائی گوڑی کے علاقہ سوکانتو پلی، ویویکا نند پلی اور اندرا کالونی بھی زیر آب آگئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے بموجب اس علاقہ میں آئندہ 24 گھنٹے زبردست بارش ہوگی۔ لکھنو سے موصولہ اطلاع کے بموجب آج ضلع گونڈہ میں بارش سے متعلقہ حادثات میں ایک لڑکی ہلاک اور دیگر 2افراد زخمی ہوگئے۔ یوپی کی تمام بڑی دریاؤں میں سیلاب آگیا ہے اور وہ خطرے کے نشانے سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ مرکزی آبی کمیشن کے بموجب فتح گڑھ میں دریائے گنگا کی سطح آب خطرے کے نشان سے اوپر ہے۔ پلیا کلان مقام پر دریائے شاردا اور بارہ بنکی اور ترتی پور میں دریائے گھاگھرا کئی مقامات پر دریائے راپتی بھی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ بھوپال سے موصولہ اطلاع کے بموجب مدھیہ پردیش کی حکومت نے اتراکھنڈ میں ہلاک ہونے والے یاتریوں کے ارکان خاندان کو 2لاکھ روپئے مالی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ممبئی سے موصولہ اطلاع کے بموجب کل رات سے مسلسل زبردست بارش کی وجہ سے شہر ممبئی کے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہے۔ مغربی بنگال میں جلپائی گوڑی ضلع میں سیلاب کی وجہہ سے پنجایت انتخابات کا پروگرام بھی متاثر ہواہے اور اب رائے دہی 25جولائی کو مقرر کی گئی ہے۔ یوپی میں دریائے راپتی بھی کئی مقامات پر خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے اور کئی دیگر مقامات پر خطرے کے نشان کے قریب پہنچ گئی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں