نریندر مودی کے تشہیری ناٹک پر کانگریسی رہنماؤں کی تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-22

نریندر مودی کے تشہیری ناٹک پر کانگریسی رہنماؤں کی تنقید

مرکزی وزیر سچن پائلٹ نے نریندر مودی پر ان کے "تشہیری ناٹک" کی بناء پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ گجرات کے قائد دنیا بھر میں گجراتیوں کیلئے قائم کئے ہوئے کاروبار کا سہرا بھی اپنے سر باندھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، حالانکہ ان گجراتی شہریوں نے گذشتہ برس کی محنت کے بعد دنیا کے مختلف علاقوں میں اپنا کاروبار کامیابی سے قائم کیا ہے۔ نوجوان مرکزی وزیر نے ریاستی حکومت کی سرمایہ کاری ترغیب دینے کیلئے منعقدہ ایک چوٹی کانفرنس جس کا نام "متحرک گجرات" رکھا گیا ہے، ایک تشہیری ناٹک قرا ردیتے ہوئے کہاکہ اس میں جو اعداد و شمار پیش کئے جارہے ہیں، انتہائی مبالغہ آمیز ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نریندر مودی کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہئے کہ وہ مختلف کاموں کی کامیابی کا سہرا اپنے سرباندھ لینا اور خود شخصی طورپر ایسے کارنامے انجام دینا، دو مختلف کام ہیں۔ سچن پائلٹ نے ریاستی حکومت کی اس چوٹی کانفرنس کو ایک تشہیری ناٹک بھی قراردیا۔ نریندر مودی ہمیشہ گجرات کی معاشی ترقی کا پرزور انداز میں ڈھول پیٹا کرتے ہیں اور اس کے عوام کی ترقی کا تذکرہ کرتے ہیں۔ متحرک گجرات چوٹی کانفرنس میں اکثر ہندوستان اور بیرونی ممالک کی کمپنیاں ریاست میں کثیر رقم کی سرمایہ کاری کا اعلان کرتی ہیں۔ مرکزی وزیر برائے کارپوریٹ اُمور سچن پائلٹ نے پی ٹی آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ متحرک گجرات صرف ایک تشہیری ناٹک ہے۔ اس سوال پر کہ کیا وہ اپنی وزارت کو ان تمام اعلانات کے بارے میں تحقیقات کی ہدایت دیں گے، جن پر درحقیقت عمل آوری کی گئی اور سرمایہ کاری کی گئی؟ سچن پائلٹ نے کہاکہ وہ "جادوگروں کو پکڑنے" کاکام نہیں کرتے اور نہ یہ سوال کرتے ہیں کہ کس نے کس قسم کا جادو کیا ہے، لیکن جب کوئی شکایت کی جاتی ہے تو وہ اس کا جائزہ ضرور لیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مودی نے اپنے اطراف مبالغہ آرائی کا ایک دائرہ بنا رکھا ہے اور ریاست کی معاشی خوشحالی کا پروپگنڈہ کرتے ہیں۔ ان میں سے زیادہ باتیں بے بنیاد ہیں۔ یہ تمام تشہیر ، روابط عامہ اور ذرائع ابلاغ کا کمال ہے کہ وہ بے بنیاد باتوں کو بھی حقیقت کا روپ دے کر پیش کرتے ہیں اور اس کی کامیابی کا سہرا مودی کے سر باندھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گجرات 1950ء کی دہائی سے ہی ترقی پذیر صنعتی ریاست رہی ہے جب کہ گجراتی شہری افریقہ منتقل ہوئے تھے، اور وہاں انہوں نے حیرت انگیز تجارتی کارنامے انجام دئیے تھے۔ سچن پائلٹ نے کہاکہ اب گجراتی امریکہ اور کینیڈا میں بھی ایسے ہی تجارتی کارنامے انجام دے رہے ہیں۔ مودی کو ان سب کی کامیابی کا سہرا بھی اپنے سر باندھ لینا چاہئے۔ گجراتیوں نے دنیا بھر میں ہوٹل اور کارخانے قائم کئے ہیں۔ کیا اس کے ذمہ دار بھی نریندر مودی ہے؟

کانگریس جنرل سکریٹری شکیل احمد نے آج دعویٰ کیا کہ 2002 گجرات فسادات دہشت گرد تنظیم انڈین مجاہدین کی تشکیل کا سبب بنے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ گجرات فسادات کے بعد انڈین مجاہدین قائم کی گئی اور این آئی اے نے چارج شیٹ میں یہ بات کہی۔ اس کے باوجود بی جے پی اور آر ایس ایس اپنی فرقہ پرستانہ سیاست سے باز نہیں آرہی ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری سے جب ربط قائم کیا گیا تو انہوں نے دہشت گردی پر تسلسل کے ساتھ جاری ردعمل کیلئے بی جے پی کی فرقہ پرستانہ ریاست کو مورد الزام قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ 2002ء گجرات فسادات انڈین مجاہدین کی تشکیل کا سبب بنے، اگر یہ جماعتیں فرقہ پرستانہ سیاست سے بازآجائیں کہ ایسی تنظیموں کا وجود بھی ختم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کو ایسی سیاست ترک کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فرقہ پرستی پھیلانے کے اصل ذرائع آر ایس ایس اور بی جے پی ہیں۔ وہ تمام جو فرقہ پرستانہ سیاست روکنا چاہتے ہیں۔انہیں بی جے پی اور آر ایس ایس پر دباؤ ڈالناچاہئے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں