ماہ رمضان - بھرپور استفادہ کیلیے خواتین کا لائحہ عمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-12

ماہ رمضان - بھرپور استفادہ کیلیے خواتین کا لائحہ عمل

خواتین ماہ رمضان سے بھرپور استفادہ کا لائحہ عمل مرتب و منظم کریں

یکے بعد دیگرے متعدد رمضان گذر جاتے ہیں لیکن ہماری مسلم بہنیں ان سے وہ فائدہ نہیں اٹھا پاتیں جس کیلئے اﷲ تعالیٰ نے روزہ فرض کیا ہے۔ ماہ رمضان میں شرعی فرض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ جو سب سے بڑا فائدہ مطلوب ہوتا ہے وہ اس آیت کریمہ میں مذکورہ ہے:
يا أيها الذين آمنوا كتب عليكم الصيام كما كتب على الذين من قبلكم لعلكم تتقون
"اے مومنو! جس طرح روزہ پہلی امتوں پر فرض تھا تم پر بھی فرض ہے تاکہ تم متقی بن جاؤ"۔

اس لئے ایک مسلم خاتون کو اس مہینے میں جس چیز کے حصول کی خواہش ہونی چاہئے وہ تقویٰ ہے۔
مسلم خواتین کو چاہئے کہ وہ اس مہینے میں اپنے اوقات کو پہلے ہی منظم کرلیں، تاکہ ایک امر کی ادائیگی دوسرے کیلئے مانع نہ ہو۔ مثلاً بعض خواتین کے یہاں کھانا بنانے کا پہلو تعلیم و تعلم پر غالب رہتا ہے، جبکہ بعض دوسری خواتین کے ہاں تعلیم و تعلم کا پہلو گھریلو کام کاج پر غالب رہتا ہے، حالانکہ اس معاملہ میں بلکہ زندگی کے تمام معاملات میں اعتدال ہونا چاہئے، تاکہ بلا افراط و تفریط ہر مستحق کو اس کا حق مل سکے۔ اپنے آرام کرنے، سونے، گھریلو کام کاج کرنے، علم حاصل کرنے، قرآن پڑھنے، اہل و عیال اور احباب کے ساتھ بیٹھنے کے اوقات کو تقسیم کرنا چاہئے، تاکہ ہم اپنی زندگی کے قیمتی اوقات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں، اور ہمارے کام اﷲ کی اطاعت میں شمار ہوں۔

ہرسال ماہ رمضان میں ہم ایک انتہائی تکلیف دہ منظر کا مشاہدہ کرتے ہیں، وہ یہ کہ رمضان میں رات دیر تک بازاروں میں خواتین کی بھیڑ لگی رہتی ہے، اور آخری عشرہ میں یہ بھیڑ مزید بڑھ جاتی ہے۔
اس کی دلیل یہ دی جاتی ہے کہ یہ سب عیدالفطر کی تیاری، کپڑوں اور عید کیلئے ضروری سامان کی خریداری کیلئے ہوتا ہے۔ غور کیجئے کہ یہ تصرف کس قدر عجیب ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ گویا ہمیں رمضان کے آخری عشرہ کی راتوں میں سڑکوں اور بازاروں میں بکثرت ٹہلنے کا حکم دیا گیا ہے، عبادت اور شب قدر کی تلاش اور اس کے ثواب کے حصول کا نہیں!

اس مشکل کا حل یہ ہے کہ خواتین اس مہینہ میں اﷲ سے ڈریں، اور جو کچھ انہیں یا اپنے بچوں کے لیے خریدنا ہو، اس مہینے کی آمد سے پہلے ہی خرید لیں، اور ایسا کرنے میں حسب ذیل کئی فوائد ہیں۔
  • اس مہینہ میں اوقات کو اﷲ تعالیٰ کی عبادت اور اس کے تقرب کیلئے فارغ کرنا
  • مطلوبہ سامان بآسانی اور بغیر کسی بھیڑ کے خرید لینا
  • اس میں اقتصادی نقطہ نظر سے بھی فائدہ ہے، کیونکہ جوں جوں یہ مہینہ ختم ہونے لگتا ہے، تو بہت سے تاجر، لوگوں کی ضرورت اور مجبوری کو بھانپ کر اپنے سامان کی قیمت بڑھا دیتے ہیں

Women's framework for utilizing the Month of Ramadan, Article: Abu Anas Hussain bin Ali AlAli

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں