منصوبہ بندی کمیشن کے اعداد و شمار - غریبوں کو محروم کرنے کی سازش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-25

منصوبہ بندی کمیشن کے اعداد و شمار - غریبوں کو محروم کرنے کی سازش

Planning Commission data conspiracy
بی جے پی نے آج کہا کہ منصوبہ بندی کمیشن کے اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ خط غربت کی سطح سے نیچے زندگی گذارنے والے عوام کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ یہ غریبوں کو حکومت کی اسکیموں سے محروم کرنے کی "سازش" ہے۔ بی جے پی نے کانگریسی قائدین کو چیلنج کیا کہ وہ وضاحت کریں کہ کوئی شخص روزانہ 34روپئے میں کیسے زندہ رہ سکتا ہے۔ بی جے پی کے ترجمان پرکاش جواڈیکر نے کہاکہ تازہ ترین رپورٹ ظاہر کرتی ہے کہ خط غربت کی سطح سے نیچے افرا دکی تعداد کم ہوگئی ہے۔ یہ ایک سازش ہے تاکہ غریبوں کو خطہ غربت کی سطح سے نیچے زندگی گذارنے والوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے حکومت کی معلنہ اسکیموں کے فوائد سے محروم کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ یہ کانگریس کی غریب دشمن ذہنیت ہے۔ غربت کے اعداد و شمار سے قیمتوں میں اضافہ کی عکاسی نہیں ہوتی۔ یہ صرف ایک "سیاسی ناٹک" ہے تاکہ ظاہر کیا جاسکے کہ عوام کی زیادہ تعداد اب غربت سے چھٹکارا حاصل کرچکی ہے، اس کیلئے غربت کے پیمانوں میں کمی کی جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی ، کانگریسی قائدین کو چیلنج کرتی ہے کہ وہ واضح کریں کہ صرف 34رروپئے روزانہ آمدنی میں کوئی شخص کیسے زندہ رہ سکتا ہے۔ وہ صرف یہ ظاہر کرنا چاہتے ہیں کہ مالدار عوام کی تعداد میں اس کیلئے انہوں نے غربت کی تعریف ہی تبدیل کردی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے مقررہ معیار کے مطابق جو شخص روزانہ 34روپئے کماتا ہے وہ خطہ غربت سے اوپر ہے۔ بی جے پی جاننا چاہتی ہے کہ جب رنگا راجن کمیٹی سپریم کورٹ کی زیر نگرانی غربت کے مسئلہ کا جائزہ لے رہی ہے تو حکومت کو نئے اعداد و شمار پیش کرنے کی کونسی عجلت تھی۔ جواڈیکر نے کہاکہ بی جے پی کانگریس کی غریب دشمن حکمت عملی کی مذمت کرتی ہے جس کے تحت ان کا کہنا ہے کہ روزانہ 34 روپئے کمانے والا شخص غریب نہیں ہے۔ اس سے غربت کی شدت میں کمی نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے عجلت میں ایک " غلط اور خوشنما تصویر" پیش کی ہے، حالانکہ وہ اچھی طرح جانتی ہے کہ ارجن سین گپتا کمیٹی کہہ چکی ہے کہ ملک کے 70 فیصد عوام خطہ غربت کی سطح سے نیچے زندگی گذار رہے ہیں۔ پرکاش جواڈیکر نے کہاکہ عملی اعتبار سے غربت کے اعداد وشمار کے تعین کیلئے سابقہ متنازعہ طریقہ پر قائم رہتے ہوئے منصوبہ بندی کمیشن نے کہا ہے کہ خطہ غربت کی سطح سے نیچے زندگی گذارنے والے عوام کی تعداد شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں کم ہوچکی ہے۔ جو عوام خطہ غربت کی سطح سے نیچے زندگی گذاررہے ہیں ان کی تعداد 2011-12 میں کم ہوکر 21.9 فیصد ہوچکی تھی جو 2004-05 میں فی کس اخراجات میں اضافہ کی بناء پر 37.2 فیصد تھی۔ منصوبہ بندی کمیشن کا یہی دعویٰ ہے۔

Planning Commission data a conspiracy to deprive poor

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں