خطہ کی ترقی کے لیے امن بہت ضروری - پاکستان ہائی کمشنر سلمان بشیر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-25

خطہ کی ترقی کے لیے امن بہت ضروری - پاکستان ہائی کمشنر سلمان بشیر

Pakistan High Commissioner Salman Bashir
پاکستان نے ہندوستان کے ساتھ پرامن تعلقات قائم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پورے علاقے کی ترقی کیلئے امن بہت ضروری ہے، ساتھ ہی اس نے ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ وہ اس سمت میں ایمانداری کے ساتھ ہر ممکن کوشش کرے گا۔ ہندوستان میں پاکستان کے ہائی کمشنر سلمان بشیر نے کل یہاں ساؤتھ ایشین فری میڈیا ایسوسی ایشن (سافما) کے ذریعہ منعقد ایک سمینار میں بی جے پی کی ترجمان نرملا سیتارمن کے ذریعہ ہند پاک رشتوں کے سلسلے میں کی گئی رائے زنی کے تناظر میں یہ یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہاکہ ہنوستان پاکستان کے درمیان تاریخ، جغرافیہ اور ثقافت کے حوالے سے کافی یکسانیت اور ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ اس سے پہلے 2014 کو اس پورے خطے کیلئے امید اور تبدیلی کا سال قرار دیتے ہوئے محترمہ سیتا رمن نے کہاکہ 2014ء ہندوستان میں بھی تبدیلی آئے گی اور تب تک پاکستان کی نواز شریف حکومت کو برسر اقتدار آئے ایک سال ہوچکا ہوگا اور اسے تب تک اپنے ارادے، مقاصد اور پروگرام کو ثابت کرنے کیلئے کافی وقت مل چکا ہوگا جس سے صحیح تصویر سامنے آسکے گی۔ دونوں مقررین سافما کے ذریعہ منعقد ایک سمینار "وے اہیڈ فار انڈیا پاکستان اینڈ افغانستان " میں حصہ لے رہے تھے۔ اس سے پہلے افغانستان کے ساتھ بھائی بھائی والے رشتوں کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر بشیر نے جب اس کے ساتھ تاریخی اور جغرافیائی رشتوں کا ذکر کیا تو محترمہ سیتارمن نے کہاکہ اچھا ہوتا کہ مسٹر بشیر ہندوستان کا ذکر کرتے ہوئے بھی ایسا ہی کہتے اس پر بشیر نے مسکراتے ہوئے رشتوں کو بہتر بنائے جانے کی یقین دہانی کرائی۔ بشیر نے علاقائی تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ باہمی مفادات کے پیش نظر باہمی احترام کے جذبہ کے ساتھ علاقائی تعاون خطہ کے سبھی ملکوں کے مفاد میں ہے۔ سافما کے جنرل سکریٹری امتیاز عالم اور سرکردہ صحافی ونود شرما اور سماجی امور کے ماہر اور صحافی سی راجا موہن نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان باہمی روابط کے بہتر ہونے کی امید کا اظہار کیا۔ سیمینار میں مسٹر بشیر اور محترمہ سیتا رمن کے ساتھ افغانستان کے سفیر شیدا ایف ابدالی بھی مقرر کی حیثیت سے شریک تھے۔

Peace vital for development of the region - Pakistan High Commissioner Bashir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں