نواز شریف امن کی خاطر کسی سے بھی بات چیت کے لیے تیار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-22

نواز شریف امن کی خاطر کسی سے بھی بات چیت کے لیے تیار

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ خارجہ پالیسی ایسی ہونی چاہئے جو ہمسایہ ملک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ قومی ترقی کے عمل کو آگے بڑھائے۔ نواز شریف نے یہ بات کل اسلام آباد میں دفتر خارجہ کے دورے میں خارجہ پالیسی کے بارے میں اجلاس کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن اور مستحکم تعلقات کی اہمیت واضح کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان پرامن ماحول کے قیام میں مثبت کردار ادا کرے گا۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق نواز شریف نے تجارت کے فروغ اور اقتصادی سفارت کاری پر عملدرآمد کرنے پر خاص طورپر زوردیا۔ اجلاس کے بعد وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں کسی خاص گروپ کا حامی نہیں اور وہ سرتاج عزیز کو واضح پیغام کے ساتھ کابل بھجوارہے ہیں کہ پاکستان متحدہ افغانستان کا حامی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان، افغانستان میں کسی خاص گروپ کے ساتھ منسلک نہیں اور اس لئے افغانستان اور خطے کے امن کی خاطر جس گروپ سے بھی بات کرنے کی ضرورت پڑی، اس سے مذاکرات کئے جائیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کسی صورت خراب نہیں ہونے دیں گے۔ اس سے پہلے سکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے شریف کو بتایاکہ موجودہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات پر روشنی ڈالی جن کے تناظر میں پاکستان اپنی خارجہ پالیسی پر عمل کررہا ہے۔ اجلاس میں ہمسایہ ممالک سے پاکستان کے دوطرفہ تعلقات اور دیگر اہم تعلقات پر توجہ مرکوز رہی۔ سکریٹری خارجہ نے اہم ملکوں سے تعلقات کے مرکزی پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور دفتر خارجہ کی سفارشات پیش کیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں