Muslim groups oppose Bengal panchayat polls during Ramadan
مغربی بنگال میں پنچایت انتخابات کا انعقاد ماہ رمضان کے دوران عمل میں آئے گا جبکہ آج مسلم تنظیموں نے شہر میں ریالی نکالتے ہوئے ریاستی الیکشن کمیشن کو یادداشت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ماہ مقدس میں انتخابات منعقد نہ کئے جائیں۔ ریالی کے کنوینر محمد ایاز الحق نے بتایاکہ سیاسی وابستگی کا لحاظ کئے بغیر مسلمان ایس ای سی سے اپیل کیلئے اکٹھا ہوئے ہیں تاکہ ماہ رمضان میں پنچایت انتخابات کے عدم انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق پنچایت انتخابات 22,25,11,15,19 جولائی کو مقرر کئے گئے ہیں جبکہ ماہ رمضان کا جولائی کے دوسرے ہفتہ سے آغاز ہورہا ہے۔ ہاتھوں میں پوسٹرس تھامے سینکڑوں افراد نے نعرے لگاتے ہوئے ایس ای سی کے دفتر کی جانب مارچ کیا جہاں انہوں نے ایس ای سی کے سربراہ میرا پانڈے کو یادداشت پیش کی۔ ایاز الحق نے بتایا کہ ہم نے پانڈے سے ملاقات کی تاہم انہوں نے سپریم کورٹ کی ہدایت کا حوالہ دیتے ہوئے انتخابات کے انعقاد کی صورت میں سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کی دھمکی دی ہے۔ آل بنگال میناریٹی یوتھ فیڈریشن کے معتمد عمومی محمد قمر الزماں نے بتایا کہ ہم ایس ای سی پر زور دیتے ہیں کہ وہ انتخابات کے ماہ رمضان سے قبل یا بعد انعقاد کو یقینی بنائیں اگر وہ ہمارے مطالبات پر غور نہ کرے تو ہم سپریم کورٹ سے رجوع ہوں گے۔ کانگریس اور بائیں بازو کے بشمول دیگر سیاسی جماعتوں نے ماہ رمضان میں انتخابات کے انعقاد کے تعین پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اس کا الزام ترنمول کانگریس پر عائد کیا ہے۔ کانگریس قائد عبدالمنان نے بتایاکہ چیف منسٹر ممتا بنرجی کو بھی مسلمانوں کو تکلیف پہنچانے پر برسر عام معذرت خواہی کرنی چاہئے۔ ریاستی حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ انتخابات رمضان سے قبل تکمیل پاسکیں۔  




کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں