13/جولائی حیدرآباد سیاست نیوز
حکومت نے اقلیتی بہبود کے مختلف اداروں کی اسکیمات پر عمل آوری کیلئے 70کروڑ سے زائد کا بجٹ جاری کیا ہے۔ اس سلسلہ میں پرنسپل سکریٹری فینانس ڈاکٹر ڈی سامبا شیوا راؤ نے 7 علیحدہ جی اوز جاری کئے۔ جی اور آر ٹی 2964 کے تحت 3کروڑ 81لاکھ 99 ہزار کا بجٹ جاری کیا گیا۔ یہ رقم مالیاتی سال 2013-14 کے بجٹ کی دوسری قسط کے طورپر جاری کی گئی ہے۔ یہ رقم ریاست میں اقلیتوں کی سماجی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اسکیم پر خرچ کی جائے گی۔ اس اسکیم کیلئے مزید7کروڑ 63 لاکھ 99ہزار روپئے کی اجرائی باقی ہے جو کہ آئندہ اقساط میں جاری کی جائے گی۔ جی او آر ٹی 2965 کے تحت 31کروڑ 37 لاکھ 50ہزار روپئے جاری کئے گئے جو کہ جاریہ مالیاتی سال کی دوسری قسط کے تحت جاری کی گئی۔ اس رقم میں دائرۃ المعارف کی امداد کے طورپر 50لاکھ، اقلیتی لڑکیوں کی اجتماعی شادیوں کیلئے ایک کروڑ 25لاکھ اور اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی بینکوں سے مربوط اسکیمات پر عمل آوری کیلئے 29 کروڑ 62لاکھ 50ہزار روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ ان تینوں اسکیمات کے تحت مزید 62کروڑ 75لاکھ کی اجرائی باقی ہے جس میں دائرۃ المعارف کے ایک کروڑ، اجتماعی شادیوں کیلئے ڈھائی کروڑ بینکوں سے مربوط اسکیمات کیلئے 59کروڑ 25لاکھ شامل ہیں۔ جی او آر ٹی 2966 کے تحت 14کروڑ 77لاکھ 75ہزار روپئے جاری کئے گئے جس میں وقف بورڈ کی گرانٹ ان ایڈ کے طورپر 8 کروڑ 25لاکھ، اردو اکیڈیمی کی امداد کیلئے 3کروڑ 77لاکھ 75ہزار اور سروے کمیشن وقف کیلئے 2کروڑ 75لاکھ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ ان تینوں اداروں کیلئے مزید 29 کروڑ 55لاکھ 50ہزار کی اجرائی باقی رہے گی۔ جی او آر ٹی 2967 کے تحت 9 کروڑ 62لاکھ 50ہزار جاری کئے گئے۔ یہ رقم اقلیتی طلبہ کے ہاسٹلس اور اقامتی اسکولس کی تعمیر پر خرچ کی جائے گی۔ اس اسکیم کے تحت مزید 19کروڑ 25لاکھ روپئے بعد میں تیسری اور چوتھی سہ ماہی کے تحت جاری کئے جائیں گے۔ جی او آر ٹی 2968 کے تحت 3کروڑ 75لاکھ روپئے جاری کئے گئے ہیں جس میں اردو گھر، شادی خانہ کی تعمیر کیلئے 2کروڑ 50لاکھ، حج کمیٹی کی امداد کے طورپر 50لاکھ اور سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف مینارٹیز (CEDM) کی امداد کے طورپر 75لاکھ روپئے شامل ہیں۔ جی او آر ٹی 2969 کے تحت حکومت نے 10کروڑ 63لاکھ 75ہزار روپئے جاری کئے ہیں جس میں آندھراپردیش کرسچین فینانس کارپوریشن کیلئے 25لاکھ اور آندھراپردیش اقلیتی فینانس کارپوریشن کی امداد کے طورپر دو علیحدہ مداد میں 2کروڑ 7لاکھ 50ہزار اور 8کروڑ 31لاکھ 25ہزار روپئے شامل ہیں۔ جی او آر ٹی 2970 کے تحت 30لاکھ 3ہزار روپئے جاری کئے گئے جس میں دائرۃ المعارف عثمانیہ یونیورسٹی کیلئے 70ہزار، اردو اکیڈیمی کیلئے دو علیحدہ اسکیمات کے تحت 25لاکھ 62ہزار اور 2لاکھ 62ہزار روپے کے علاوہ یومیہ اور معمول کے تحت ایک لاکھ 21ہزار روپئے شامل ہیں۔ Rs. 70 crore released for A.P minority welfare schemes
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں