مدھیہ پردیش کے سابق بی۔جے۔پی وزیر راگھو جی جنسی استحصال کے الزام میں گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-10

مدھیہ پردیش کے سابق بی۔جے۔پی وزیر راگھو جی جنسی استحصال کے الزام میں گرفتار

بھارتیہ جنتا پارٹی کے برطرف لیڈر اور سابق وزیر خزانہ مدھیہ پردیش راگھو جی کو آج اپنے گھریلو نوکر کے جنسی استحصال کے الزام پر گرفتار کرلیا گیا۔ راگھو جی کو گرفتار کی تصدیق کرتے ہوئے ایک سینئر پولیس افسر نے یہاں بتایاکہ سابق وزیر خزانہ کو کوہ فضا علاقہ کے ایک فلیٹ سے گرفتار کیاگیا۔ پولیس نے بتایاکہ فلیٹ کا دروازہ باہر سے بند تھا لیکن مسٹر راگھو فلیٹ کے اندر موجود تھے۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ گرفتار کرنے کے بعد سابق وزیر کو حبیب گنج تھانے لے گئے۔ ضابطوں کی تکمیل کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ راگھو جی 50سال سے بی جے پی اور راشٹرایہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے وابستہ رہے ہیں اور9سال سے اس ریاست کی بی جے پی حکومت میں وزیر خزانہ کے عہدہ پر تھے۔ وہ اس سے قبل پارلیمنٹ کے ممبر بھی رہے ہیں۔ جمعہ کو راگھو جی کے بنگلہ پر کام کرنے والے ایک نوجوان نے ایک شکایت درج کرائی اور حبیب گنج تھانہ میں ایک حلف نامہ کی فوٹو کاپی پیش کی جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ پچھلے 3 برسوں سے راگھو جی اس کا جنسی استحصال کرتے رہے ہیں۔ اس واردات کے بعد راگھو جی کو وزارت سے استعفیٰ دینا پڑا۔ راگھو جی کے خلاف جنسی استحصال کی شکایت اور اس سے متعلق ایک سی ڈی کے عوام میں گردش کرجانے کی وجہہ سے مدھیہ پردیش میں حکمران بی جے پی کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ اتوار کی شام بہت شدت سے صلاح مشورہ کے بعد بی جے پی نے 80سالہ راگھو جی کو بی جے پی کی بنیادی رکنیت سے بھی نکال دیا۔ راگھو جی اور دیگر 2ملزمین شیرسنگھ اور سریش سنگھ کے خلاف ایک ہی شام ایک ایف آئی آر درج کی گئی جس میں ایک نوجوان نے ان تینوں پر جنسی استحصال کا الزام لگایا ہے اور یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ اسے دھمکایا گیا ہے۔ اس کے بعد سے ہی راگھو جی کو گرفتار کرلئے جانے کے بارے میں قیاس آرئیاں زور پکڑگئیں۔

Sodomy Scandal: Former BJP Minister Raghav ji arrested

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں