پارٹی کے موقف سے بالاتر نہ ہونے کی ہدایت - راہل گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-23

پارٹی کے موقف سے بالاتر نہ ہونے کی ہدایت - راہل گاندھی

Rahul Gandhi
اس بات کا اشارہ دیتے ہوئے کہ پارٹی کے موقف سے مطابقت نہ رکھنے والے تبصروں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، راہول گاندھی نے آج ان تمام افراد کو انتباہ دیا جو پارٹی کے موقف سے انحراف نہ کریں گے اور کہاکہ انہیں کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ راہول گاندھی نے کہاکہ پارٹی کے ترجمانوں اور پیانل میں شامل افراد کے انفرادی خیالات ہوسکتے ہیں لیکن پارٹی ترجمان اور پیانلسٹ کی حیثیت سے آپ کو پارٹی کی حد کے اندر رہنا ہوگا۔ آپ پارٹی کے نظریات سے آگے نہیں بڑھ سکتے۔ جو لوگ اس کی خلاف ورزی کریں گے ان کا نوٹ لیا جائے گا اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اترپردیش کی سابق کانگریس صدر ریٹا بہوگنا جوشی نے کہاکہ پارٹی کے نائب صدر نے پارٹی کے ترجمانوں اور پیانل میں شامل افراد کے اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ یہ اجلاس ایک ایسے وقت منعقد کیا جارہا ہے جبکہ لوک سبھا انتخابات کےئلے ایک سال سے بھی کم کا وقت رہ گیا ہے۔ راہول گاندھی نے ایک ایسے وقت یہ انتباہ دیا ہے جبکہ پارٹی نے اپنے جنرل سکریٹری شکیل احمد اور رکن پارلیمنٹ رشید مسعود کے اس تبصرے پر نا پسندیدگی کا اظہار کیا ہے کہ 2002ء کے گجرات فسادات کی وجہہ سے انڈین مجاہدین نامی دہشت گرد تنظیم کا قیام عمل میں آیا تھا۔ کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ، مرکزی وزیر بینی پرساد ورما اورجئے رام رمیش نے کئی مرتبہ مختلف مسائل پر متنازعہ تبصرے کرتے ہوئے پارٹی کی قیادت کو پشیمانی سے دوچار کیا ہے۔ راہول گاندھی اس بات کے بھی خواہاں تھے کہ پارٹی کے عہدیدار شائستہ زبان کا استعمال کریں۔ ان دنوں سماجی رابطہ کی ویب سائٹس پر ناشائستہ زبان استعمال کرنے کا رجحان پیدا ہوگیا ہے۔ انہوں نے مبینہ طورپر اجلاس کے شرکاء سے کہاکہ ہم ایسا نہیں کرستکے۔ ہم مہاتما گاندھی کی پارٹی ہیں۔ مدھیہ پردیش پولیس نے ڈگ وجئے سنگھ کے خلاف ایک کیس درج کیا ہے جنہوں نے سابق ریاستی وزیر فینانس راگھو جی کے خلاف ہم جنسی کے الزامات سامنے آنے کے بعد ٹوئٹر پر بچوں کے بارے میں غیر مہذب تبصرہ کیا تھا۔ شکایت گذار نے اس بات کو اجاگر کیا تھا کہ ڈگ وجئے سنگھ نے اپنے تبصرہ "بچہ بچہ رام کا، راگھو جی کے کام کا ، کے ذریعہ اکثریتی فرقہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ گجرات کے پارٹی قائدین کی جانب سے یہ بتائے جانے پر کہ نریندر مودی حکومت کس طرح غلط معلومات فراہم کرتی ہے، راہول گاندھی نے کہاکہ لوگ جھوٹی باتیں پھیلارہے ہوں گے۔ لیکن ہم سچائی پر انحصار کریں گے۔ ہمیں سچائی کو تلاش کرنا ہوگا۔ اس اجلاس سے راہول گاندھی اور دیگر قائدین نے خطاب کیا جس میں نوجوان اور تجربہ کار پارٹی قائدین شرکت کررہے ہیں۔ ان میں ہر ریاست کے 5کارکن شامل ہیں۔ 16 کاتعلق این ایس یو آئی اور یوتھ کانگریس سے ہے۔

Rahul Gandhi urges leaders not to stray from party line

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں