مودی وزارت عظمیٰ کے قابل نہیں - نوبل انعام یافتہ ماہر معاشیات امرتیہ سین - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-23

مودی وزارت عظمیٰ کے قابل نہیں - نوبل انعام یافتہ ماہر معاشیات امرتیہ سین

Nobel Prize-winning economist and author Amartya Sen
ملک کے شہرہ آفاق نوبل انعام یافتہ ماہر معاشیات امرتیہ سین نے آج صاف صاف الفاظ میں کہا کہ ہندوستانی شہری ہونے کی حیثیت سے وہ ہرگز نہیں چاہتے کہ نریندر مودی وزیراعظم بنیں۔ انہیں ہرگز یہ بات پسند نہیں کہ چیف منسٹر گجرات اس عہدہ پر فائز ہوں۔ اس کی سب سے بڑی وجہہ یہ ہے کہ چیف منسٹر گجرات نے اپنی ریاست میں اقلیتوں کو احساس عدم تحفظ میں مبتلا کیا ہے۔ سی این این آئی بی این ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے امرتیہ سین نے کہاکہ گجرات کا ترقی یافتہ ماڈل بھی انہیں منظور نہیں، کیونکہ یہ بڑا ناقص ماڈل ہے، شاید گجرات میں انفراسٹرکچر کا جال پھیلا ہوا ہو، لیکن انہوں نے اقلیتوں اور اکثریتوں کیلئے کچھ نہیں کیا۔ سماجی تبدیلی کے بغیر ترقی کوئی معنی نہیں رکھتی۔ اگر ترقی سے کوئی سماج یا کوئی طبقہ محروم رہ جاتا ہے تو ترقی کیا اہمیت رکھتی ہے۔ نوبل انعام یافتہ ماہر معاشیات نے ایسے وقت بی جے پی کی ریڑھ کی ہڈی پر وار کیا ہے جب کہ پارٹی لیڈر راج ناتھ سنگھ نریندر مودی کو وزارت عظمی کا امیدوار بنانے کے واضح اشارہ دینے کے بعد اب امریکہ سے سرٹیفکٹ حاصل کرنے کیلئے واشنگٹن پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے گجرات ماڈل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ اس ریاست میں تعلیم اور صحت کا نظام انتہائی ناقص ہے۔ اس کے مقابلہ میں بہار کا ترقیاتی ماڈل بہت زیادہ قابل ستائش ہے۔ بہار میں وسائل کی قلت کے باوجود مشمولیاتی ترقی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ جبکہ گجرات میں صورتحال بالکل برعکس ہے۔ آج بھی اقلیتیں اس ریاست میں اپنے آپ کو محفوظ تصور نہیں کررہی ہیں۔ ایک ہندوستانی شہری کی حیثیت سے امرتیہ سین نے کہاکہ ملک کے تمام شہری اس بات کے حق میں نہیں ہیں کہ وہ ایسا ماحول ملک میں پیدا کریں کہ مسلمان اپنے آپ کو غیر محفوظ محسوس کرے اور ان کے دل میں یہ خیال غالب ہوجائے کہ منصوبہ بند طریقہ سے ان کے قتل عام کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ گجرات میں نسل کشی کا ایک ریکارڈ موجود ہے۔ لہذا ہندوستان کو ایسا وزیراعظم نہیں چاہئے جو قتل عام کا ریکارڈ رکھتا ہو۔ جہاں تک تعلیم، صحت اور صنفی مساوات کا تعلق ہے، گجرات سارے ملک میں انتہائی بدترین ریاست بن گئی ہے۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے امرتیہ سین نے کہاکہ تعلیم اور صحت کو بہتر بنانے کیلئے انہوں نے جو کارنامہ انجام دیا ہے اس کی جتنی ستائش کی جائے کم ہے۔ نتیش کمار تعلیم یافتہ اور صحت مند لیبر فورس تیار کررہے ہیں اور یہی شرح ترقی کو بلندیوں تک پہنچانے کی بنیاد ہے۔ ان کے مقابلہ میں مودی کی کچھ بھی حیثیت نہیں ہے، کیونکہ بہار ایک بیمار ریاست تھی، اس بیمار ریاست کو نتیش کمار نے صحت مند ریاست بنانے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ اس کا اعتراف ماہرین معاشیات بھی کررہے ہیں۔ اس کے مقابلہ میں گجرات ہمشہ سے ہی ترقی پذیر معیشت رہی ہے۔ نریندر مودی کو اپنے آپ کو سب سے پہلے ایک اچھے ہندوستانی ثابت کرنا ہوگا، کیونکہ اقلیتوں کے تئیں عدم روا داری ہندوستان کی روایت نہیں ہے۔ انہیں اپنے آپ کو سیکولر ثابت کرنا ہوگا۔

I am not for PM who creates fear among minorities, Nobel Prize-winning economist and author Amartya Sen

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں