کوبرا پوسٹ انکشاف - تین بنکوں پر بھاری جرمانہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-11

کوبرا پوسٹ انکشاف - تین بنکوں پر بھاری جرمانہ

ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے کے وائی سی قواعد اور غیر قانونی رقومات کی منتقلی کے رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی کی پاداش میں ایکسس بینک پر 5کروڑروپئے ‘ایچ ڈی ایف سی بینک پر 4.5کروڑروپئے اور آئی سی آئی سی آئی بینک پر ایک کروڑروپئے جرمانہ عائد کیا۔ قبل ازیں آن لائن پورٹل کوبرا پوسٹ کے عائد کردہ الزامات پر تحقیقات معل میں آئی تھیں ۔ سنٹرل بنک ذرائع نے اپنے بیان میں بتایاکہ ہر کیس کے حقائق پر غور و خوص کے بعد ریزرو بینک آف انڈیا نے چند قواعد کی خلاف ورزیاں ثابت ہونے کا پتہ چلایا جس سے مالی جرمانہ عائد کرنے کا جواز فراہم ہوتا ہے ۔ آر بی آئی نے ایکسس بینک پر 5کروڑروپئے ‘ ایچ ڈی ایف سی پر 4.5کروڑروپئے اور آئی سی آئی سی آئی پر ایک کروڑروپئے جرمانہ عائد کیا ہے ۔ قبل ازیں آر بی آئی اکاونٹس‘ داخلی کنٹرول‘ عمل آوری طریقہ کار اور ان کے کارپوریٹ دفاتر و دیگر شاخوں میں مارچ۔ اپریل 2013ء کے دوران جانچ پڑتال کی گئی تھی۔ آن لائن پورٹل کوبرا پوسٹ میں ’’اپنے گاہک کو جانئے ‘‘ (کے وائی سی) اور غیر قانونی رقومات کی منتقلی کی روک تھام کے رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی کے الزامات پر ان کے خلاف تحقیقات عمل میں لائی گئی تھیں ۔ اگرچہ بادی النظر میں غیر قانونی رقمی منتقلی کا انکشاف نہیں ہوا تاہم آر بی آئی نے بتایاکہ ٹیکس اور انفورسمنٹ ایجنسیوں کی معاملتوں کی مکمل تحقیقات کے بعد ہی قطعی نتیجہ اخذ کیا جاسکے گا۔ آر بی آئی نے یہ بھی بتایا کہ دیگر 36بینکوں کے کارپوریٹ دفاتر میں جانچ پڑتال کی کار روائی جاری ہے لیکن ان بینکوں کے خلاف مابعد کار روائی تکمیل کے مختلف مراحل میں ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں