حیدرآباد میں برقی کٹوتی کا سلسلہ ختم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-07

حیدرآباد میں برقی کٹوتی کا سلسلہ ختم

چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے آج برقی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست کے تمام شعبوں کیلئے برقی سربراہی کو موثر بنائیں۔ مانسون کی آمد اور درجہ حرارت میں کمی کے باعث برقی کی طلب میں کمی آئی ہے۔ سی ایم او عہدیداروں نے ریاست میں برقی کے تازہ موقف سے چیف منسٹر کو واقف کرایا۔ دیہی علاقوں میں 18 گھنٹوں تک برقی سربراہی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حیدرآباد‘ تروپتی‘ وشاکھاپٹنم‘ ورنگل اور ضلع ہیڈ کوارٹرس پر برقی سربراہی کو 24 گھنٹے بلا وقفہ یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس ماہ کی 15 تاریخ سے تمام صنعتوں کیلئے برقی سربراہی کو 66 فیصد سے بڑھاکر 80فیصد کردیا جائے گا۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں برقی کٹوتی کا سلسلہ ختم ہوجائے گا۔ چیف منسٹر نے ریاست میں برقی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مختصر مدتی اور وسط مدنی اقدامات کئے تھے۔ برقی بحران سے نمٹنے کیلئے مختصر مدتی اقدامات میں حکومت نے 1250 میگاواٹ برقی خریدی تھی۔ وسط مدتی اقدامات کے طورپر حکومت کو 550 میگا واٹ برقی 16 جون 2013ء سے 15جون 2016 تک دستیاب رہے گی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے یہ بھی کہا کہ جون2013ء سے مئی 2014 تک ریاست میں برقی کی سربراہی میں کٹوتی سے گریز کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ اس سلسلے میں عہدیدار پیشگی منصوبہ بنائیں اور تمام شعبہ جات سے برقی کی طلب کا جائزہ لیتے ہوئے تمام وسائل کو استعمال کرکے برقی کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ شدید گرما کے دوران دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے عوام کو برقی بحران کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اپوزیشن پارٹی تلگودیشم نے برقی بحران کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت پر دباؤ ڈالا تھا کہ وہ برقی سربراہی کو موثر بنائے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں