جموں و کشمیر - لائن آف کنٹرول پر فوجی دستے چوکس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-07

جموں و کشمیر - لائن آف کنٹرول پر فوجی دستے چوکس

فوج نے اپنے دستوں کو لائین آف کنٹرول پر چوکس کردیا ہے تاکہ پاکستان مقبوضہ کشمیر سے دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جاسکے۔ ایک فوجی کمانڈر نے کہاکہ کیونکہ بلندیوں پر برف پگھلنی شروع ہوچکی ہے اس لئے پہاڑیوں میں راستے بن سکتے ہیں۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ15 کور لیفٹننٹ جنرل اوم پرکاش نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ چونکہ درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے اور برف پگھل رہی ہے اس لئے پڑوسی ملک پاکستان کی جانب سے زیادہ سے زیادہ تخریب کاروں کو ہماری سرحدات میں داخل کرنے کی کوشش کرتا ہے تاہم ہماری فوج ایسی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے چوکس ہے۔ انہوں نے کہاکہ افواج کی چوکسی کے نتیجہ میں کچھ دن قبل شمالی کشمیر کے علاقہ میں 3 درانداز وادی میں داخل ہونے کی کوشش میں مارے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کچھ دن قبل ہمارے دستوں نے 3 در اندازوں کو ہلاک کردیا ہے جو ہماری سرحدات میں دراندازی کی کوشش کررہے تھے۔ ہم پوری طرح چوکس ہیں اور اسی وجہہ سے دراندازی کو روکا جاسکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سکیورٹی فورسس نے مقامی عوام کی مدد سے ان عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر پوری طرح پرامن رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی مدد سے ہی وادی سے عسکریت پسندی کا خاتمہ ہوسکا ہے اور اب وہ وقت قریب آگیا ہے جب کشمیر پھر جنت ارضی ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دنوں میں امرناتھ یاترا بھی پرامن طریقہ پر منعقد ہوگی۔ یہ صرف ایک مذہبی سفر ہی نہیں بلکہ کئی افراد کی روزی روٹی کا بھی مسئلہ ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں