Graduation day function of Muffakham Jah college of Engg. & Tech.
مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل ڈاکٹر ایم ایم پلم راجو نے تابناک مستقبل کیلئے خود اعتمادی، اختراعی نظریات حا صل ہونا اور سخت محنت کو ناگزیر قرار دیا۔ آج مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے 2013ء کے گریجویشن ڈے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ موجودہ دور کے طلباء کو بے شمار سہولتیں میسر ہیں جن میں خاص طورپر بے شمار مواقعوں کا دستیاب ہونا ہے۔ طلباء کو چاہئے کہ وہ ان مواقعوں کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ اپنے مستقبل کوروشن کرتے ہوئے سماج اور ملک کی بہتری کیلئے کام کریں۔ پلم راجو نے کہاکہ صرف اسناد حاصل کرنے سے کچھ نہیں ہوتا طلبہ کو چاہئے کہ وہ ہر مضمون میں مہارات حاصل کریں۔ اپنے معلومات کو استعمال کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان میں باصلاحیت افراد کی کمی نہیں ہے تاہم اس صلاحیت کو تحقیق اور ترقی کے میدان میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر ہم تحقیق اور ترقی کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہیں تو ترقی کے مواقع دستیاب ہوں گے۔ جب ترقی کے زینے طے ہوں گے تو سرمایہ کاری کرنے کے موقع دستیاب ہوں گے۔ پلم راجو نے کہاکہ سرمایہ کاری کے ذریعہ عام کو عام کیا جاسکے گا اور ان صلاحیتوں کے ذریعہ ملک و قوم کی ترقی کی بنیاد رکھیں۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ انہیں توقع ہے کہ طلبہ اپنی کارکردگی کے ذریعہ اپنے آپ کو ملک کا بہترین شہری ثابت کریں گے اور اپنے کالج، شہر و ریاست کے لئے باعث فخر بنیں گے۔ صدرنشین سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی خان لطیف محمد خان نے انجینئرنگ کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے کامیاب طلبہ کو عہد دلایا کہ وہ ایک جدید معاشرے کے قیام، سماجی و اخلاقی اقدار پر مبنی سوسائٹی اور کالج کے فوائد سے سماج کو فیض یاب کریں گے۔ اپنی تعلیم و تربیت کے ذریعہ انسانیت کی خدمت کریں گے۔ اپنے علم کے ذریعہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر امن و امان کے فروغ کیلئے کام کریں گے۔ وائس چانسلرجواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی پروفیسر رامیشور راؤ نے خطاب کرتے ہوئے سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام چلائے جارہے مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کو دنیا بھر میں بہترین کالجس میں سے ایک قرار دیا۔ رامیشور راؤ نے کہاکہ اس کالج کے فارغ التحصیل طلباء ڈی آر ڈی او، ای ایس آ راور دیگر بڑے اداروں میں خدمت انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کریں تاکہ ملک میں سماجی اور معاشی ترقی کیلئے کام کیا جاسکے۔ رامیشور راؤ نے کہاکہ آپ کو ملازمت اسی وقت مل سکتی ہے جب آپ کسی شعبہ میں مہارت رکھتے ہوں۔ اس لئے ضروری ہے کہ ترقی یافتہ دور میں بدلتے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں میں بہتری لائیں اور سخت محنت کے ذریعہ اپنی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر ایس ستیہ نارائنا نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی طالب علم کی زندگی میں تقریب تقسیم اسناد ایک اہم مرحلہ ہوتا ہے۔ یہاں سے طلبہ کے طالب علمی کے دور کا خاتمہ اور روزگار حاصل کرنے کی جدوجہد کا آغاز ہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ طلبہ کو اسناد حاصل کرنے کے بعد بین الاقوامی سطح پر اپنی کارکردگی کو منوانے کا موقع ملتا ہے۔ اس لئے ہمیشہ اس بات کو ذہن نشین کرلیں کہ بغیر صلاحیتوں کے ڈگری حاصل ہونا کورا کاغذ حاصل ہونے کے مترادف ہ۔ ہمیشہ مختلف شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کی جستجو کریں۔ یاد رکھیں کہ سخت محنت کے ذریعہ حاصل ہونے والی ڈگری ذہن کو متحرک رکھتی ہے اور متحرک ذہن اختراعی سوچ کو فروغ دیتا ہے۔ اس اختراعی سوچ کے ذریعہ نئی نئی ایجادات کی جاسکتی ہیں جو ترقی کے اصل عمل کو وجود میں لاتی ہیں۔ ترقی اور تحقیق کے ذریعہ ملک کی قسمت کو بدلا جاسکتا ہے۔ صدرنشین REEMAP پروفیسر کے سی ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حصول تعلیم کا مقصد قابلیت پیدا کرتے ہوئے روزگار حاصل کرنا ہے۔ قابل طلبہ کیلئے دنیا بھر میں بے شمار مواقع موجود ہیں۔ اس کیلئے کالجس کو چاہئے کہ وہ طلبہ کو ان ہنروں کی تربیت فراہم کرے جس کی مارکٹ میں مانگ ہے۔ مفخم جاہ کالج انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کی زبردست تعریف کرتے ہوئے اسے سنٹر آف ایکسلنس میں تبدیل کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہاکہ اس پروقار ادارہ کو تحقیقی و ترقی کا مرکز بنانا چاہئے اور عثمانیہ یونیورسٹی اور جے این ٹی یو کے وائس چانسلرس کو اس مقصد کے حصول کیلئے دست تعاون بڑھانا چاہئے۔ ظفر جاوید نے مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے اونچے تدریسی معیار کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ انجینئرنگ کے چار سالہ کورس کے اختتام سے قبل ہی 780 طلباء کے منجملہ 560 طلبہ کو کیمپس سلیکشن کے ذریعہ ملازمتوں کیلئے منتخب کرلیا گیا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں