مہارشٹرا میں اقلیتی طلبا کے لیے حکومت کا عظیم الشان منصوبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-03

مہارشٹرا میں اقلیتی طلبا کے لیے حکومت کا عظیم الشان منصوبہ

حکومت مہاراشٹرا کے محکمہ اقلیتی ترقیات مسابقتی امتحانات میں حصہ لینے والے طلبہ کو مفت کوچنگ دینے پر غور کررہا ہے۔ وزیراقلیتی ترقیات نسیم خان نے ممبئی میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ یوپی ایس سی اور ایم پی ایس سی میں حصہ لینے والے تقریباً 500اقلیتی طلبہ کو مفت کوچنگ دی جائے گی۔ میرٹ کی بنیاد پر طلبہ کا انتخاب کیا جائے گا۔ ہندوستان بھر میں مہاراشٹرا وہ پہلی ریاست رہے گی جہاں اس قسم کا دور رس نتائج کا حامل اقدام کیا جائے گا۔ نائب صدر حامد انصاری نے حال ہی میں ممبئی میں منعقدہ 2روزہ مسلم تعلیمی کانفرنس میں اس بات پر تاسف کااظہار کیا تھا کہ پولیس ، مسلح افواج، سنٹرل اور اسٹیٹ پبلک سرویس میں اقلیتوں کا تناسب دن بہ دن گھٹتاجارہا ہے۔ ان کا یہ اظہار افسوس حکومت مہاراشٹرا کیلئے ایک محرک ثابت ہوا۔ نتیجہ میں ریاستی حکومت نے اقلیتی طلبہ کو مسابقتی امتحانات کی مفت کوچنگ دینے کا منصوبہ بنایا۔ وسیم خان نے مزید بتایاکہ سیول سرویسس کے علاوہ بینکنگ، انجینئرنگ، میڈیکل، آئی آئی ٹی اور ایم بی اے امتحانات کیلئے بھی تقریباً 1000 طلبہ کو مفت کوچنگ دی جائے گی۔ مولانا آزاد مفت کوچنگ کے علاوہ دیگر اسکیم کے تحت اس منصوبہ کو نافذ کیا جائے گا۔ مہاراشٹرا کے 7 شہر ممبئی، تھانے، پونے، اورنگ آباد، ناگپور، ناسک اور امراوتی میں کوچنگ کے مراکز قائم کئے جائیں گے۔ 10ویں اور 12ویں جماعت میں تعلیم ترک کرنے والے طلبہ پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے اور انہیں اعلیٰ تعلیم دینے کے مقصد کے تحت دیکھ کر ہنر سکھائے جائیں گے۔ ایسے 2000 طلبہ کو روزگار کے حامل کورسس کی تربیت دی جائے گی۔ مختلف رپورٹس میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ مسلم طبقہ میں اعلیٰ تعلیم کی رغبت کم ہوتی جارہی ہے اور اس کا تناسب گھٹتا جارہا ہے۔ لہذا حکومت مہاراشٹرا نے اس منصوبہ پر عمل آوری کیلئے 5.5کروڑ روپئے پر مشتمل بجٹ مختص کیا ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں