کولکاتا مسلم انسٹی ٹیوٹ - پاکستانی شاعر و ماہر اقتصادیات صغیر احمد کے اعزاز میں جلسہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-03

کولکاتا مسلم انسٹی ٹیوٹ - پاکستانی شاعر و ماہر اقتصادیات صغیر احمد کے اعزاز میں جلسہ

مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کولکتہ اسٹڈی سنٹر دی مسلم انسٹی ٹیوٹ طلبہ کی طلبہ کی ادبی تنظیم "بزم ادب" کی جانب سے کراچی پاکستان سے تشریف لائے بزرگ شاعر و ماہر اقتصادیات جناب صغیر احمد صغیر کے اعزاز میں ایک جلسے کا اہتمام کیا گیا۔ ناظم جلسہ ڈاکٹر نعیم انیس، اعزازی ایجوکیشن سکریٹری، دی مسلم انسٹی ٹیوٹ نے صغیر احمد صغیر کا تعارف کراتے ہوئے کہاکہ موصوف کی پیدائش اعظم گڑھ کے علمی و ادبی گھرانے میں ہوئی۔ پھر حصول علم کیلئے وہ کلکتہ آگئے اور یہاں سی ایم او ہائی اسکول میں پرویز شاہدی، مظہر امام وغیرہ کی شاگردی میں زیور تعلیم سے آراستہ ہوئے۔ ڈھاکہ یونیورسٹی سے معاشیات میں ایم اے کیا۔ پھر انکم ٹیکس محکمہ کے اعلیٰ عہدے پر فائز ہوئے۔ آخر میں گرین وچ یونیورسٹی اور محمد علی جناح یونیورسٹی میں اقتصادیات کے مدرس کے فرائض انجام دیتے ہوئے سبکدوش ہوئے۔ اپنی گوناں گوں مصروفیات کے باوجود وہ شعر و سخن کی زلف گرہ گیر کو بھی سنوارنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔ صغیر احمد صاحب نے اپنی گفتگو میں اس شہر نشاط سے اپنے دیرینہ مراسم کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم و تدرسین کے دوران مجھے دنیا کے بہت سارے مقامات جانے اور وہاں قیام کرنے کا موقع ملا۔ برسوں سے پاکستان میں مقیم ہوں مگر جو لطف مجھے اس شہر کلکتہ میں قیام کے دوران آتا ہے وہ دوسرے مقامات میں نہیں۔ کلکتہ مجھے پکارتا رہتا ہے۔ اس کی یادیں میرے دل و جان میں بسی ہیں۔ حالات بہتر ہونے کے سبب کلکتہ آنے کا موقع کافی عرصے سے میسر نہیں تھا۔ یہاں آکر مجھے پرویز شاہدی اور مظہر امام کی مہک ملتی ہے۔ ان کے ساتھ گذارے ہوئے لمحے میری متاع حیات ہیں۔ کلکتہ میں قیام کے دوران اردو شاعری کا سنہرا دور میں نے دیکھا ہے۔ اب اردو کی وہ شیرینی بھی کلکتہ میں نہیں دکھائی دے رہی تھی مگر یہاں اس محفل میں آکر یہ محسوس ہوا کہ کلکتہ والے اب بھی اردو کو اپنے سینے سے لگائے ہوئے ہیں۔ جمشید پور سے تشریف لائے مہمان جناب اقبال کریم کا تعارف انسٹی ٹیوٹ کے جنرل سکریٹری پروفیسر سلیمان خورشید نے کراتے ہوئے کہاکہ موصوف ایک علمی و سماجی شخصیت ہیں اور ان کا تعلق جمشید پور کے اسی مشہور تعلیمی گھرانے سے جو کریم سٹی کالج جیسے فعال تعلیمی ادارے کا روح رواں ہے۔ ان کے آبادو اجداد نے کریم سٹی کالج کمپلیکس میں جوعلمی نظام قائم کررکھا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ اس کے بعد ایک مختصر شعری نشست کا آغاز ہوا جس میں خورشید اکرام، نسیم فائق، شاہد نور، نغمہ نور، بشریٰ سحر، ارم انصاری وغیرہ نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ سامعین میں اردو یونیورسٹی کے اساتذہ و طلباء کے علاوہ معروف ڈراما نگار کمال احمد، اردو اکاڈمی کے ڈپٹی سکریٹری نشاط عالم، انسٹی ٹیوٹ کے ہاکی سکریٹری سید علاء الدین، سلیم مہدی، اسٹڈی سنٹر کے کوآرڈنیٹر اکبر مرزا وغیرہ بھی تشریف فرماتھے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں