رام مندر کی تعمیر ترجیحی مسئلہ ہونے کی تردید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-07

رام مندر کی تعمیر ترجیحی مسئلہ ہونے کی تردید

بی جے پی نے آج کہاکہ آنے والے لوک سبھا انتخابات کیلئے دیگر جماعتوں کے ساتھ اتحاد پارٹی کی مجبوری نہیں ہے بلکہ اس کا دھرم ہے۔ پارٹی نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کو آئندہ پارلیمانی انتخابات سے دور رکھنے این ڈی اے شراکت داروں کی جانب سے کوئی دباؤ نہیں ہے۔ بی جے پی کے نائب قومی صدر مختار عباس نقوی نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایاکہ اتحاد ہماری مجبوری نہیں ہے۔ ہم نے اپنی سابقہ میعاد کے دوران اپنے اعتبار اور استحکام کو ثابت کیاہے۔ ہم اتحاد کو اپنا دھرم مانتے ہیں۔ بی جے پی کا قومی عاملہ اجلاس کل سے گوا میں شروع ہورہا ہے۔ نقوی نے یاد دہانی کرائی کہ اٹل بہاری واجپائی کی زیر قیادت جب این ڈی انے برسر اقتدار آئی تھی تو مختلف سوالات اٹھائے گئے تھے لیکن ہم نے مشترکہ اقل ترین پروگرام اور ترقی کے ایجنڈہ کے ساتھ حکومت چلاتے ہوئے استحکام اور اپنی ساکھ کو ثابت کیا تھا۔ نقوی نے کہاکہ آنے والے دنوں میں این ڈی اے اتحاد مزید مضبوط اور وسیع ہوگا۔ ہم آپ کو مناسب وقت پر (این ڈی اے میں توسیع) کی اطلاع دیں گے۔ آئی اے این ایس کے بموجب نقوی نے کہاکہ گوا میں قومی عاملہ اجلاس کے دوران ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا متنازعہ مسئلہ بی جے پی کی ترجیح نہیں رہے گا۔ یہ دریافت کرنے پر رام مندر کے مسئلہ پر پارٹی قائدین کیوں خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں‘ انہوں نے کہاکہ مہنگائی‘ کرپشن اور اس حکوتم کی خراب حکمرانی پارٹی کیلئے ترجیحی مسائل ہیں۔ یہاں یہ بتانا مناسب ہوگا کہ بی جے پی کے سہ روزہ قومی عاملہ اجلاس میں پارٹی کے سرکردہ قائدین شرکت کریں گے اور آنے والے عام انتخابات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک حکمت عملی تیار کریں گے۔ نقوی کا کہنا ہے کہ عام انتخابات 2014 ء کے بجائے 2013ء میں ہی منعقد ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی رام مندر کے مسئلہ پر اپنے وعدے کی پابند ہے جو 1980ء اور 90 کی دہائی میں اس پارٹی کو قومی منظر نامہ پر لانے کے کلیدی عوامل میں شامل ہے۔ ایک اور اطلاع کے مطابق نقوی نے کہاکہ بی جے پی کے سینئر قائد ایل کے اڈوانی کسی بھی پارٹی قائد کی تائید یا مخالفت نہیں کررہے ہیں۔ بیشتر پارٹی قائدین کو انہوں نے واجپائی کے ساتھ مل کر پروان چڑھایا ہے۔ نقوی پاناجی میں بی جے پی کے ریاستی ہیڈ کوارٹرس پر نامہ نگاروں سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ پارٹی بدعنوان یوپی اے حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے ایجنڈہ پر متحد ہے۔ سہ روزہ قومی عاملہ اجلاس کے دوران اس کی راہ ہموار کی جائے گی۔ 7تا9 جون منعقد ہونے والے قومی عاملہ اور پارٹی کے عہدیداروں کے اجلاس سے پارٹی کے اتحاد کے بارے میں ناقدین کو جواب مل جائے گا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں