افغان صدارتی محل اور سی آئی اے ہیڈ کوارٹرس پر طالبان کی یلغار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-26

افغان صدارتی محل اور سی آئی اے ہیڈ کوارٹرس پر طالبان کی یلغار

افغانستان کے صدارتی محل پر خودکش بمباروں نے آج ایک بڑا حملہ کردیا۔ درالحکومت کابل کے انتہائی سخت ترین حفاظتی زون میں دراندازی کے بعد حملہ آوروں نے کار بم دھماکہ کیا اور سکیوٹی فورسس کے ساتھ گھمسان کی لڑائی کی۔ ایک سرکاری عہدیدار نے کہاکہ اس لڑائی میں تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا اور سکیورٹی فورسس کا ایک جوان زخمی ہوگیا۔ اس دوران افغانستان کے دیگر مقامات پر پرتشدد حملوں میں ایک خاندان کے 22افراد ہلاک ہوگئے۔ گورنر قندھار کے ترجمان احمد جاوید فیصل نے کہاکہ جنوبی افغانستان کے اس صوبہ میں سڑک کے کنارے رکھے گئے ایک بم دھماکے میں منی بس تباہ ہوگئی جس میں سوار 8 خواتین، 2بچے اورایک مرد ہلاک ہوگیا دیگر 2زخمی ہوئے ہیں۔ طالبان نے کابل کے صدارتی محل پر کئے گئے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب افغانستان میں جاری عسکریت پسندوں سے بات چیت اور امن کوششوں پر صدر حامد کرزئی کی اپنے ملک کے نوجوانوں سے بات چیت کی تفصیلات جمع کرنے کیلئے اخباری نمائندے وہاں جمع ہورہے تھے لیکن فوری طورپر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا حملے کے وقت صدر کرزائی وہاں موجود تھے۔ ان کے ترجمان بھی مسلسل کوششوں کے باوجود فون پر دستیاب نہیں ہوسکے۔ اس علاقہ میں فائرنگ کا تبادلہ صبح 6:30 بجے صدارتی محل کی مشرقی گیٹ کو پہنچنے والے راستہ پر شروع ہوا۔ اس کے بالکل قریب افغان وزارت دفاع ہے اور دوسری جانب سابق ہوٹل اریانا ہے جس کے بارے میں سابق امریکی انٹلی جنس عہدیداروں نے توثیق کی تھی کہ یہ عمارت سی آئی اے کے زیر استعمال ہے۔ کابل پولیس کے سربراہ جنرل محمدایوب سلانگی نے کہاکہ 3تا4 بندوق بردار ایک قیمتی اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل(ایس یو وی) سے چھلانگ لگاکر قصر صدارت کے احاطہ میں داخل ہوئے اور سکیورٹی گارڈس کی جانب سے روکنے کی کوشش پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی تھی۔ وہ جعلی دستاویزات دکھاکر تلاشی مرکز سے وہاں پہنچے تھے۔ انہوں نے کہاکہ لڑائی کے دوران تمام حملہ آوروں کو گولی مارکر ہلاک کردیا گیا جبکہ صدارت محل کا ایک گارڈ بھی لڑائی میں گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے۔

Taliban Launch Attack on Afghan Presidential Palace

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں