ترقیاتی فنڈز معاملہ - راجہ پرویز اشرف کی سپریم کورٹ میں طلبی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-29

ترقیاتی فنڈز معاملہ - راجہ پرویز اشرف کی سپریم کورٹ میں طلبی

پاکستان کی سپریم کورٹ نے صوابدیدی ترقیاتی فنڈز کی مد میں 42ارب روپئے سے زائد کی رقم دینے پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو 16 جولائی کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے یعنی ایف آئی اے کے ذریعہ اُن افراد کو بھی تلاش کیا جائے گا جنہیں یہ ترقیاتی فنڈز دئیے گئے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے اس از خود نوٹس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدالت اس ضمن میں کوئی بھی آرڈر جاری کرنے سے پہلے سابق وزیراعظم کا موقف سننا چاہتی ہے۔ عدالت کی طرف سے پیپلز ورکس پروگرام ٹو کے تحت استفادہ کرنے والے پارلیمنٹرینزاور اتھاریٹی کو بھی نوٹس جاری کئے گئے ہیں تاہم عدالت میں ارکان پارلیمنٹ اور اتھارٹیز کے نام نہیں بتائے گئے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے نگراں حکومت کے قیام سے چند ہفتے پہلے ترقیاتی منصوبوں کیلئے رقم جاری کرے پر پابندی عائد کردی تھی۔ اطلاع کے مطابق اٹارنی جنرل منیر اے ملک نے عدالت کو بتایا راجہ پرویز اشرف نے فنڈز جاری کرتے وقت متعدد قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی تھی۔ اکاونٹنٹ جنرل آف پاکستان کے نمائندوں نے عدالت کو بتایاکہ وزیراعظم کے پاس یہ صوابدیدی اختیار ہے کہ وہ ترقیاتی فنڈز قومی منصوبوں سے نکال کر مقامی ترقیاتی منصوبوں میں لگانے کی اجازت دیں لیکن اس کے لئے متعلقہ وزارتوں اور ادروں سے پیشگی اجازت لینا ضروری ہوتا ہے۔ تاہم اس معاملے میں ایسا نہیں کیا گیا۔ پاکستان ورکس ڈپارٹمنٹ کے نمائندوں نے عدالت کو بتایاکہ ضلع چکوال کی 3شخصیات کو 14کروڑ روپئے ترقیاتی منصوبوں کی مد میں دئیے گئے۔ بنچ میں موجود جسٹس چودھری اعجاز نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا موجودہ حکومت نے مک مکاکرلیا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہیں کی جارہی ہے اور اگر ایسا ہے تو پھر عدالت کو بتایا جائے تاکہ عدالت اس ضمن میں مناسب اقدامات کرسکے۔ منیر اے ملک نے عدالت کو بتایاکہ وہ یہ بات وفاقی حکومت کے نوٹس میں لائیں گے۔

Supreme Court summons former PM Ashraf in discretionary funds case

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں