اترکھنڈ کی تباہی میں غیرملکی ہاتھ ہونے کا انکار - شندے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-29

اترکھنڈ کی تباہی میں غیرملکی ہاتھ ہونے کا انکار - شندے

مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے کچھ حلقوں کی طرف سے پیش کی جانے والی اس دلیل کو مسترد کردیا ہے کہ اتراکھنڈ کی تباہی میں پڑوسی ملک چین کا ہاتھ ہے۔ مسٹر شنڈے نے میڈیا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اس طرح کے کسی بھی امکان کو یکسر مسترد کردیا۔ تاہم مسٹر شنڈے نے یہ بتایاکہ پھنسے ہوئے یاتریوں کو نکالنے اور مقامی لوگوں کو راحت فراہم کرنے کیلئے مزید ہیلی کاپٹر کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ مسٹر شنڈے نے آفات سے نمٹنے کیلئے بہتر بندوبست اور بہترین تال میل کے لئے آرمی، فضائیہ، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپونس فورس، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی، نیم فوجی دستوں اور ریاستی حکومت کی تعریف کی۔ پچھلے دورے کے دوران وزیر داخلہ نے تال میل میں کمی کی بات کہی تھی۔ وزیر موصوف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ریاستی حکومت کے ذریعہ فوری راحت اور ریاست کی تعمیر نو کیلئے مانگی جانے والی مدد ہر ممکن پوری کی جائے گی۔ اس موقع پر سیاحت کے مرکزی وزیر کے چرنجیوی نے اعلان کیا کہ اس قدرتی آفت میں تباہ ہونے والے مکانات اور بیادی ڈھانچوں کی تعمیر نو کیلئے ریاست کو100 کروڑ روپئے کا خصوصی پیکیج دیا جائے گا۔ یہ رقم اس سے قبل 95کروڑ روپئے کے پیکیج کے علاوہ ہے جو منصوبہ جاتی اخراجات کیلئے ریاست کو فراہم کیا گیا تھا۔ مسٹر شنڈے نے کہاکہ ریاست کے تمام مطالبات ترجیحی بنیادوں پر پورے کئے جائیں گے۔ انہوں نے سبھی سے اپیل کی کہ پورے اعتماد اور یکجہتی کے ساتھ بحران کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ جنگی پیمانے پر بچاؤ کی کارروائی کے بعد اگلا قدم لاشوں کی آخری رسوم ادا کرنا ہوگا۔ مسٹر شنڈے نے کہاکہ سڑکوں کے رابطے کو بحال کرنے پر بھی زوردیا جائے گا۔

Sushil Kumar Shinde denies any foreign hand in Uttarakhand disaster

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں