پاکستان کے نومنتخب ارکان پارلیمنٹ کی حلف برداری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-02

پاکستان کے نومنتخب ارکان پارلیمنٹ کی حلف برداری

پاکستان کی 66سالہ تاریخ میں آج پہلی مرتبہ اقتدار کی جمہوری منتقلی عمل میں آئی جب نو منتخب قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا تمام نئے ارکان کو رکنیت کا حلف دلایا گیا۔اس طرح نامزد وزیراعظم نواز شریف بحیثیت رکن پارلیمنٹ 14سال کے وقفہ کے بعد آج دوبارہ قومی اسمبلی میں واپس ہوئے۔ مسٹر نواز شریف اور دیگر نو منتخب ارکان پارلیمنٹ کو گذشتہ قومی اسمبلی کی سبکدوش شدنی قومی اسمبلی کی اسپیکر فہمیدہ مرزا نے رکنیت کا حلف دلایا۔ نوازشریف قریبی رفقاء کے ساتھ لاہور سے ذریعہ طیارہ راولپنڈی پہنچے۔ ذریعہ کار قومی اسمبلی پہنچے۔ میاں نواز شریف تیسری مرتبہ وزارت عظمی پر فائز ہوں گے۔ قومی اسمبلی اجلاس کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات تھے اور قلب شہر اسلام آباد میں "ریڈزون" بنایا گیا تھا جہاں سینکڑوں سکیورٹی جوان تعینات تھے جبکہ فوجی ہیلی کاپٹرس شہری حدود میں پرواز کرکے فضائی نگرانی کی۔ نواز شریف قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں شرکت کیلئے کاروں کے طویل قافلے کے ساتھ پہنچے۔ 63 سالہ میاں نواز شریف سفید شلوار قمیض اور خاکی ویسٹ کوٹ زیب تن کئے ایوان کی پہلی صف میں اپنی پارٹی کے سینئر لیڈر چودھری نثار علی خان کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔ قرآن مجید کی چند آیات کی تلاوت کے بعد اسپیکر فہمیدہ مرزا نے نئے ارکان کو حلف دلایا۔ بعدازاں فہمیدہ مرزا نے اعلان کیاکہ نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا 3جون کو انتخاب ہوگا۔ وزیراعظم کا انتخاب 5جون کو ہوگا اور نواز شریف کا بحیثیت وزیر اعظم اور قائد ایوان انتخاب پہلے سے طئے شدہ نتیجہ ہے کیونکہ 342 رکنی قومی اسمبلی میں پی ایم ایل کے 180ارکان ہیں۔ نواز شریف نے کہاکہ اقتدار کی پرامن منتقلی سے وہ مطمئن ہیں۔

New Pakistani Parliament Takes Oath In Historic Handover

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں